سعودی طلبہ کے لیے گوگل کا جدید اے آئی پروگرام مفت دستیاب ہوگا

بدھ 10 ستمبر 2025 14:33

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) سعودی عرب کے طلبہ کے لیے گوگل کا جدید AI Pro پروگرام مفت دستیاب ہوگا۔العربیہ اردو کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں قائم بین الاقوامی مرکز برائے تحقیق و اخلاقیاتِ مصنوعی ذہانت (ICAIRE) جو یونیسکو کی نگرانی میں کام کرتا ہے، نے گوگل کے ساتھ شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔ اس تعاون کے تحت سعودی عرب کی جامعات کے طلبہ کو ایک سال کے لیے Google AI Pro‘ سروس بالکل مفت فراہم کی جائے گی۔

اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا اور انہیں تحقیق و جدت کے سفر میں جدید ترین ٹیکنالوجی سے جوڑنا ہے۔مرکز کے مطابق اس پروگرام کے تحت طلبہ کے لیے تعارفی نشستیں، مختلف جامعات میں ورکشاپس اور آن لائن تربیتی سیشنز کا اہتمام کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یہ آن لائن ورکشاپس Gemini Academy پلیٹ فارم کے ذریعے منعقد ہوں گی۔ طلبہ کے لیے رجسٹریشن کا عمل 3 نومبر 2025تک مرکز کی ویب سائٹ پر جاری رہے گا۔

Google AI Pro منصوبے میں کئی اہم اور جدید ٹولز شامل ہیں، جن میں ’Gemini 2.5 Pro‘ ماڈل، ویڈیو جنریشن ٹول ’Veo 3‘، جدید تحقیق کے لیے Deep Research ٹیکنالوجی اور پروڈکٹیوٹی بڑھانے والے فیچرز جیسے Gmail اور Docs کے ساتھ انضمام شامل ہیں۔ اس کے علاوہ طلبہ کو 2 ٹیرا بائٹ کلاؤڈ سٹوریج بھی گوگل ڈرائیو پر فراہم کیا جائے گا۔یہ اشتراک گوگل اور مرکز کی اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ سعودی طلبہ کو علمی و تحقیقی میدان میں سہارا دیا جائے اور انہیں مصنوعی ذہانت کے استعمال سے نئی راہیں تلاش کرنے اور ڈیجیٹل پیداواریت بڑھانے کے قابل بنایا جائے۔