لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کا جناح ہائوس حملہ کیس میں پی ٹی آئی رہنمائوں عالیہ حمزہ، صنم جاوید اور عائشہ بھٹہ کے اشتہارات جاری کرنے کا حکم

بدھ 10 ستمبر 2025 14:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہائوس حملہ کیس ٹرائل میں پیش نہ ہونے پر پی ٹی آئی کی تین رہنمائوں عالیہ حمزہ، صنم جاوید اور عائشہ بھٹہ کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کر دی۔ عدالت نے تینوں خواتین کے اشتہارات جاری کرنے کا حکم دے دیا۔انسداد دہشتگردی عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل نے کیس کی بدھ کو سماعت کی۔

(جاری ہے)

پولیس نے موقف اختیار کیا کہ عالیہ حمزہ سمیت تینوں خواتین 9 مئی کے دیگر کیسز میں سزا یافتہ ہیں، سزا کے بعد وہ جناح ہائوس حملہ کیس میں پیش نہیں ہو رہیں اور گرفتاری سے بچنے کے لیے مفرور ہو چکی ہیں۔تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان کے خلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کی جائے۔ عدالت نے پولیس کو ہدایت کی کہ تینوں ملزمان کا اشتہار 2 اکتوبر تک شائع کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔