Live Updates

ملیر اور لیاری ندی کے اطراف آبادیوں میں سیلابی پانی داخل

بارشوں کے باعث کراچی کے مضافات میں مول ندی، کھدیجی ندی، جرندہ ندی میں پانی کے بہائو میں اضافہ، چاروں ندیوں کا پانی اکٹھا ہو کر ملیر ندی میں شامل ہوگیا

بدھ 10 ستمبر 2025 16:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)کراچی کے مضافات کی ندیوں میں پانی کے بہائو میں اضافے کے بعد ملیر اور لیاری ندی کی سطح بلند ہونے سے سیلابی پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان کیرتھر پہاڑی رینج اور گڈاپ کاٹھور میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔بارشوں کے باعث کراچی کے مضافات میں مول ندی، کھدیجی ندی، جرندہ ندی میں پانی کے بہائو میں اضافہ ہوگیا ہے، چاروں ندیوں کا پانی اکٹھا ہو کر ملیر ندی میں شامل ہونے سے ملیر ندی کی سطح بلند ہوگئی ہے۔

لیاری ندی میں بھی پانی کے بہائو میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، ملیر ندی کے اطراف کی آبادیوں میں پانی داخل ہونے لگا، رہائشیوں نے نقل مکانی شروع کردی، لوگ محفوظ مقامات کی جانب جانے لگے۔

(جاری ہے)

کراچی میں موسلادھار بارش کے بعد پانی کا بڑا ریلہ لیاری ایکسپریس وے پر آگیا، سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے 2 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا۔لیاری ایکسپریس وے پر سیلابی پانی گھروں کا سامان بہا کر لے گیا، لیاری ندی کا سیلابی پانی نشتر بستی کی ایک مسجد میں بھی داخل ہوگیا۔

سہراب گوٹھ حسن، نعمان کالونی میں علاقہ مکینوں کے سینے تک پانی آگیا ہے، لوگوں نے مدد کی اپیل کردی۔دوسری جانب کراچی کے تمام علاقوں میں ریسکیو رضا کار متحرک ہیں۔ایدھی، چھیپا اور ریسکیو 1122 کے رضا کار اپنی جان پر کھیل کر شہریوں کی جان بچانے لگے، پولیس اور ٹریفک پولیس کی نفری بھی سڑکوں پر موجودرہی۔کراچی میں بارشوں کے بعد بیشتر شاہراہوں، سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ہے، ایم اے جناح روڈ، گرومندر، گولیمار میں بارش کا پانی جمع ہوگیا۔

رضویہ، بورڈ آفس، کے ڈی اے، ناگن چورنگی اور کریلا اسٹاپ زیرآب آگئے، بارش کے پانی کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔لاسی گوٹھ، سکھیا گوٹھ اور دیگر گوٹھوں میں ایمرجنسی کی صورتحال ہے، بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے اور لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے، پولیس نے بتایا کہ پانی کے بہائو کی وجہ سے 2 فیکٹریوں کی دیواریں گر گئیں۔

دوسری جانب بارش کے باعث پیدا ہونے والی سنگین صورتحال کے باوجود حکومتی عہدیداران، چیئرمین اور یوسی کی سطح پر نمائندے جائے وقوعہ سے تاحال غائب ہیں۔کراچی کی نشر بستی اور عیسی نگری کے اطراف پانی گھروں میں داخل ہوگیا، علاقوں میں پانی بھر جانے سے لوگ پھنس کر رہ گئے۔سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول کو اطلاع ملتے ہی واٹر ریسکیو ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، ریسکیو 1122کی ٹیم پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے میں مصروف عمل ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات