ْخیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی مردان، سوات اور پشاور میں بڑی کارروائیاں

ملاوٹ شدہ گڑھ بنانے والی گھانی، جعلی برانڈ پراڈکٹس تیار کرنیوالا یونٹ ،ایکسپائرڈ گھی برآمد

بدھ 10 ستمبر 2025 19:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مردان، سوات اور پشاور میں بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے مضر صحت اور جعلی خوراک تیار کرنے والے مختلف یونٹس کا پردہ چاک کردیا۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مردان کے علاقے کاٹلنگ میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے گھر کے اندر ملاوٹ شدہ گڑھ تیار کرنے والی گھانی پکڑی، جہاں سے ایک ہزار کلو ملاوٹ شدہ گڑھ، پانچ سو کلو ناقص گڑھ اور سو کلو چینی برآمد کرلی گئی۔

گھانی میں انتہائی ناقص صفائی کی حالت میں تیار گڑ مارکیٹ میں سپلائی کیا جارہا تھا۔ اسی طرح مردان ٹیم نے بازار میں انسپکشن کیدوران ناقص صفائی پر ایک بیکری یونٹ بھی سیل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سوات میں فوڈ سیفٹی ٹیم نیخفیہ اطلاع پر منگورہ کے علاقے میں ملٹی نیشنل برانڈ کے جعلی پراڈکٹس تیار کرنے والی یونٹ پر چھاپہ مارا گیا، جہاں سے چھ سو کلوگرام جعلی مصالحہ جات، دو سو دس کلوگرام گلوکوز، آٹھ سو کلوگرام پیکنگ ریلز، سو کلوگرام کھیر، چالیس کاٹن پیکنگ میٹریل اور دو پیکنگ مشینیں برآمد کرکے سرکاری تحویل میں لے لی گئیں۔

یونٹ کے مالک کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے اسے گرفتار کرلیا گیا۔ترجمان فوڈ سیفٹی نے مزید تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ پشاور میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے ٹاؤن-4 کے علاقے میں ایک گودام پر بھی چھاپہ مارا گیا، جہاں سے 153کلو گرام ایکسپائرڈ گھی برآمد کرلیا گیا اور مالکان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی۔صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کامیاب کاروائیوں پر فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کے ساتھ مضر صحت اور جعلی خوراک کی فراہمی کا کھیل ہرگز کھیلنے نہیں دیا جائے گا اورہدایات دی کہ ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں۔