Live Updates

پاک چین تعاون سیلاب چیلنجز کے دوران بحالی ونمو میں مدد دے سکتا ہے،ظفر اقبال

بدھ 10 ستمبر 2025 19:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) پاک چائنا جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائمقام صدر ظفر اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کے مختلف زرعی خطوں میں حالیہ سیلاب سے متعلق چیلنجز کے باوجود پاک چین کے درمیان اعلی درجے کی چینی کی پیداوار اور اسے دنیا بھر میں برآمد کرنے میں تعاون کرنے کے قابل ذکر امکانات موجود ہیں۔یہ بات انہوں نے بدھ کو سیکرٹریٹ میں منعقدہ تھنک ٹینک سیشن کے دوران کہی۔

ظفر اقبال نے کہا کہ چونکہ زرعی شعبہ شدید سیلاب کے اثرات سے دوچار ہوا خاص طور پر پنجاب وسندھ میں پائیدار طریقوں کے ساتھ جدید اور تعمیر نو کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک روایتی زرعی ملک اور حالیہ واقعات نے روایتی کاشتکاری کے نظام میں موجود کمزوریوں کو اجاگر کیا ہے، ہمیں روایتی بیجوں سے دور ہونا چاہیے جو سیلاب جیسی کشیدگی کے حالات میں ناکام ہو جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

چائنیز اکیڈمی آف ٹراپیکل ایگریکلچرل سائنسز مربوط تکنیکوں کے ذریعے بیماریوں سے پاک پودوں کی افزائش کی وکالت کرتی ہے جو وائرس اور آر ایس ڈی جیسے پیتھوجینز کو بھی ختم کرتی ہے۔ یہ شراکت داری پاکستان اور چین کی دوستی کو نہ صرف شہد سے میٹھی بلکہ مشکل وقت میں بھی مضبوط بنائے گی۔ پی سی جے سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبر عامر علی نے دونوں ممالک کے ماہرین و اسٹیک ہولڈرز کو جوڑنے اور عمل کے لیے بامعنی پلیٹ فارم بنانے کے لیے عزم پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ گنے کی پیداوار اور پروسیسنگ میں مشترکہ کوششوں سے پاکستان اور چین اعلی درجے کی چینی کے عالمی سپلائر بن کر ابھر سکتے ہیں، پاکستان میں گنے کی صنعت اس وقت تک بحال یا ترقی نہیں کر سکتی جب تک کہ کسانوں کو سیلاب سے بچنے والی زیادہ پیداوار دینے والی اقسام تک رسائی حاصل نہ ہو۔ ہمیں چین کے تعاون سے پاکستان میں گنے کی افزائش کا پروگرام فوری طور پر شروع کرنا چاہیے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات