یو این جنرل اسمبلی کی نئی صدر جرمنی کی اینالینا بیئربوک نے حلف اٹھا لیا

یو این بدھ 10 ستمبر 2025 20:30

یو این جنرل اسمبلی کی نئی صدر جرمنی کی اینالینا بیئربوک نے حلف اٹھا ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 10 ستمبر 2025ء) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کی صدر اینالینا بیئربوک نے ادارے کے چارٹر کی اصل دستاویز کے تحت عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے فرائض دیانت داری، وفاداری اور دانشمندی سے اقوام متحدہ کے بہترین مفاد میں انجام دیں گی۔

اینالینا بیئربوک اقوام متحدہ کی 80 سالہ تاریخ میں جنرل اسمبلی کی پانچویں خاتون صدر ہیں۔

آج ختم ہونے والے اسمبلی کے 79ویں اجلاس میں سبکدوش ہونے ولے صدر فائلیمن یانگ اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے بطور نئی صدر ان کا خیرمقدم کیا اور دور حاضر کے مسائل اور مواقع پر بات چیت کی۔

Tweet URL

اس موقع پر فائلیمن یانگ نے رکن ممالک کے نمائندوں کو دعا کی دعوت دی۔

(جاری ہے)

اس کے بعد انہوں نے اینالینا بیئربوک کو پوڈیم پر آنے اور عہدے کا حلف لینے کے لیے کہا۔ انہوں نے نئی صدر کا ہاتھ چارٹر پر رکھا جس پر رکن ممالک نے 24 جون 1945 کو امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر سان فرانسسکو میں دستخط کیے تھے۔

یہ چارٹر اپنی 80ویں سالگرہ کی نمائش میں پیش کرنے کے لیے چند ماہ قبل واشنگٹن ڈی سی سے نیویارک سٹی منتقل کیا گیا تھا۔

فائلیمن یانگ نے بتایا کہ چارٹر اس ماہ کے آخر تک اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں موجود رہے گا تاکہ جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطحی ہفتے میں شرکت کرنے والے ریاستوں اور حکومتوں کے سربراہان اسے دیکھ سکیں۔

اجتماعی اقدامات کی طاقت

اسمبلی کے 79ویں اجلاس کے اختتام پر اینالینا بیئربوک نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ممنونیت اور فخر کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے اصل چارٹر پر حلف لینا اس بات کی یاد دہانی ہے کہ باہم متحد ہو کر دنیا کیا کچھ حاصل کر سکتی ہے۔

تاہم، انہوں نے کہا کہ جب غزہ، یوکرین، سوڈان اور ہیٹی کی صورتحال کو دیکھا جائے تو یہ بھی یاد آتا ہے کہ دنیا کتنی مرتبہ اس چارٹر میں کیے گئے اپنے وعدوں یعنی امن، سلامتی، انسانی حقوق، انصاف اور استحکام کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے

انہوں نے کہا کہ دنیا اس وقت ایک نازک دوراہے پر کھڑی ہے جبکہ اقوام متحدہ کو سیاسی و مالی دباؤ کا سامنا ہے۔

اسی لیے اسمبلی کا 80واں اجلاس عام اجلاس نہیں ہو گا۔ اقوام متحدہ کو زندہ رکھنا، اسے مضبوط بنانا اور 21ویں صدی کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنا انتہائی ضروری ہے۔ 80ویں اجلاس میں دنیا کے آٹھ ارب لوگوں کو یہ دکھایا جائے گا کہ اقوام متحدہ آج بھی کیوں اہم ہے۔