Live Updates

وفاقی کابینہ نے گیس کے نئے کنکشنز پر عائد پابندی ختم کردی

عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ایل این جی کنکشنز کی منظوری دے دی، گیس صارفین کو ایل پی جی کے مقابلے میں آرایل این جی 30 فیصد کم قیمت پر دستیاب ہوگی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 10 ستمبر 2025 19:44

وفاقی کابینہ نے گیس کے نئے کنکشنز پر عائد پابندی ختم کردی
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 10 ستمبر2025 ) وفاقی کابینہ نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے گیس کے نئے کنکشن پر عائد پابندی ختم کردی ہے۔ میڈیا کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ملک میں کلائمیٹ ایمرجنسی اور زرعی ایمرجنسی کے نفاذ کی اصولی منظوری دی گئی۔ اسی طرح وفاقی کابینہ نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے نئے ایل این جی کنکشنز لگانے کی منظوری دے دی، گیس جس سے صارفین کو ایل پی جی کے مقابلے میں آرایل این جی 30 فیصد کم قیمت پر دستیاب ہوگی ۔

اجلاس میں وفاقی کابینہ کو سیلابی صورتحال اور نقصانات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، وفاقی کابینہ نے اجلاس میں شہداء اور افواج پاکستان کیخلاف مواد کی مذمت کی۔

(جاری ہے)

بعدازاں وزیر توانائی علی پرویزملک نے کہا کہ عوام کی سہولت کے لیے آرایل این جی کے نئے کنکشنز کا اجرا کیا گیا۔ آرایل این جی درآمدی ایل پی جی سے35فیصد سستی ہوگی۔ ایل پی جی مہنگا ترین ایندھن ہے، پہلے سے درخواست دہندگان کو آرایل این جی پر منتقلی کا آپشن دیا جائے گا۔

دوسری جانب وفاقی حکومت کی جانب سے ملک بھر میں تھری فیز میٹرز کو جدید اے ایم آئی اسمارٹ میٹرز سے تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت توانائی حکام کا کہنا ہے کہ بجلی چوری پر قابو پانے اور زائد بلنگ کو روکنے کے لیے ملک بھر میں تھری فیز میٹرز کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، یہ منصوبہ مرحلہ وار شروع کیا جائے گا اور ابتدائی مرحلے میں بجلی کے 3 لاکھ 50 ہزار میٹرز تبدیل کیے جائیں گے۔

بتایا گیا ہے کہ بجلی کے میٹرز کی تبدیلی کے حوالے سے تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو باظابطہ ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، پہلے مرحلے میں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کی طرف سے صارفین کے 3 لاکھ 50 ہزار میٹرز تبدیل کیے جائیں گے اور یہ تنصیب باقاعدہ میٹر ریپلیسمنٹ آرڈر کے تحت کی جائے گی، لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کو بڑے پیمانے پر تنصیب کے باعث اربوں روپے کے اخراجات برداشت کرنے ہوں گے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات