Live Updates

پنجاب حکومت کا سیلاب سے مکمل منہدم گھر پر 10 لاکھ اور ایک کمرہ گرنے پر5 لاکھ امداد کا اعلان

انسانی جان کی کوئی قیمت نہیں دےسکتا، جاں بحق افراد کے ورثا کیلئے جو بھی ممکن ہوا کریں گے،سیلاب میں گرنے والے سب کے گھر بنا کر دینا چاہتی ہوں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کا خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 10 ستمبر 2025 19:18

پنجاب حکومت کا سیلاب سے مکمل منہدم گھر پر 10 لاکھ اور ایک کمرہ گرنے پر5 ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 10 ستمبر2025ء ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف فلڈ ریلیف کیمپ سے جلالپور پیروالا سٹی کے حفاظتی بند پر پہنچ گئیں۔ جلالپورپیروالا بائی پاس پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو دیکھ کر ہزاروں کا مجمع اُمڈ آیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جلالپور پیروالا کے لئے مستقل حفاظتی بند بنانے کا اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سینئر منسٹر مریم اورنگزیب کو جلالپور پیر والا میں انخلا آپریشن کی مانٹیرنگ کیلئے قیام کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اُچ شریف کے لئے گیلانی ایکسپریس وے پراجیکٹ اور جلالپور پیروالا کے سیلاب متاثرین کے لئے سپیشل پیکج کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سیلاب کے دوران جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثاءکے لئے 10،10 لاکھ امداد کا اعلان کےا ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سیلاب سے منہدم ہونے والے مکمل گھر پر 10 لاکھ اور ایک کمرہ گرنے پر5 لاکھ امداد کا اعلان کےا ہے ۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سیلاب کے دوران بڑے مویشیوں کا ضیاع ہونے پر 5 لاکھ اور چھوٹے جانور کے لئے 50 ہزار روپے امداد دینے کا بھی اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سیلاب متاثرین سے پرجوش اور پر اثر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ محمد نواز شریف کی بیٹی ہوں، اپنا ہر وعدہ پورا کروں گی۔

سیلاب سے متاثرہ ایک ایک فرد کا نقصان پورا کریں گے۔ انسانی جان کی کوئی قیمت نہیں دے سکتا مگر جاں بحق افراد کے ورثا کے لئے جو بھی ممکن ہوا کریں گے۔ خود چل کر اپنے جلالپور پیروالا کے بہن بھائیوں کے پاس آئی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جلالپور پیروالا میں بہت سے لوگ سیلاب میں پھنسے ہوئے ہیں سب کوریسکیو کرنا ہے۔ سیلاب میں گرنے والے سب کے گھر بنا کر دینا چاہتی ہوں۔

سیلاب متاثرین ہمارے مہمان ہیں، جب تک پانی نہ اترے گھر نہیں جانا۔ سب کو بچانے کی پوری کوشش کررہے ہیں، بہت بڑا سیلاب اور بہت بڑی تباہی آئی ہے۔ جاں بحق ہونے والے کو واپس نہیں لاسکتے مگر ان کے ورثا کے ساتھ پوری ہمدردی ہے اور ان کے ساتھ ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے حکم پر کسی کا زور نہیں چلتا، لیکن ہر فرد کے لئے پوری کوشش کررہے ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات