Live Updates

پنجاب میں مہنگائی کا بے قابو طوفان امڈ آیا

آٹے کا تھیلا 2400 روپے، چکن 700 روپے، ادرک 800 روپے، ٹماٹر 350 روپے، سبزیوں کی کم سے کم اوسط قیمت 200 روپے، پھلوں کی قیمتیں 300 روپے سے زائد ہو گئیں

muhammad ali محمد علی بدھ 10 ستمبر 2025 20:46

پنجاب میں مہنگائی کا بے قابو طوفان امڈ آیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 ستمبر2025ء)پنجاب میں مہنگائی کا بے قابو طوفان امڈ آیا، آٹے کا تھیلا 2400 روپے، چکن 700 روپے، ادرک 800 روپے، ٹماٹر 350 روپے، سبزیوں کی کم سے کم اوسط قیمت 200 روپے، پھلوں کی قیمتیں 300 روپے سے زائد ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں سپلائی چین متاثر ہونے سے اشیائے خورونوش کی قیمتیں آؤٹ آف کنٹرول ہوگئیں، سبزیاں اور پھل قوت خرید سے باہر ہوگئے، پولٹری مصنوعات کی خریداری بھی آسان نہ رہی۔

پیاز 120، ٹماٹر 350، لہسن 420 روپے کلو تک جا پہنچا، ادرک 800، ٹینڈے 350، آلو 120 روپے کلو ہو گئے، سیب اور انگور 400 روپے سے 600 روپے کلو، کیلے 260 روپے درجن فروخت ہونے لگے۔ مرغی کے گوشت کے سرکاری دام 595 روپے کلو مقرر، مارکیٹ میں صافی گوشت 780 روپے کلو تک پہنچ گیا، آٹے کی قیمتوں میں بھی تیزی سے اضافہ ہونے لگا، 20 کلو آٹے کا تھیلا 1000 روپے تک مہنگا ہو گیا مارکیٹ میں 2400 روپے سے زائد قیمت میں دستیاب ہے۔

(جاری ہے)

انتظامیہ سرکاری نرخ ناموں پر عمل درآمد کرانے میں مکمل ناکام دکھائی دیتی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران چکن، سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔ مرغی کے گوشت کا سرکاری ریٹ 595 روپے فی کلو مقرر ہے لیکن مارکیٹ میں 600 سے 650 روپے فی کلو تک فروخت ہورہا ہے جبکہ صافی گوشت 720 اور بون لیس 1300روپے کلو تک جا پہنچا ہے۔

سبزیوں میں ٹماٹر 95 کے بجائے 350، پیاز 60 کے بجائے 120، آلو 70 کے بجائے 110، بینگن 100 کے بجائے 240، بھنڈی 150 کے بجائے 280، کھیرا 100 کے بجائے 150 اور شملہ مرچ 150 کے بجائے 350 روپے فی کلو فروخت ہورہی ہے۔پھلوں کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں۔ کیلا 120 کے بجائے 250 روپے فی درجن، انگور 400 کے بجائے 500 سے 600 روپے کلو، سیب 200 کے بجائے 300، آڑو 150 کے بجائے 300، گرما 170 کے بجائے 200 اور امرود 100 کے بجائے 150 سے 200 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات