پاکستان نے اسرائیل کیخلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست دےدی

یہ سنگین نوعیت کا معاملہ ہے اس پرمناسب اقدام اٹھانا چاہیے، پاکستان ہر سطح پر قطر کے ساتھ کھڑا ہے، خطے میں امن وسلامتی کیلئے بھرپور کردار ادا کرتا رہےگا۔ وزیرخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 10 ستمبر 2025 21:05

پاکستان نے اسرائیل کیخلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 10 ستمبر 2025ء ) پاکستان نے اسرائیل کیخلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست دےدی ہے۔ وزیرخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ سنگین نوعیت کا معاملہ ہے اقوام متحدہ کو اس پر مناسب اقدام اٹھانا چاہیے۔ میڈیا کے مطابق پاکستان نے برادر ملک قطر کے خلاف اسرائیل کی بلااشتعال اور غیرقانونی جارحیت کے پیش نظر الجزائر اور صومالیہ کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کی درخواست دی ہے۔

سینیٹر محمد اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ یہ نہایت سنگین نوعیت کا معاملہ ہے، سلامتی کونسل کو اس معاملے پر فوری غور کرتے ہوئے مناسب اقدام اٹھانا چاہیے۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ہر سطح پر برادر ملک قطر اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے، خطے میں امن وسلامتی کیلئے بھرپور کردار ادا کرتا رہےگا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب نیوزایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے قطر پر اسرائیل کے حملے کو ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ قطر غزہ میں جنگ بندی اور تمام یرغمالیوں کی رہائی کے لیے نہایت مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔ اس موقع پر تمام فریقین کو پائیدار امن کا امکان ختم کرنے کے بجائے اسے ممکن بنانے کے لیے کوششیں کرنا چاہئیں۔ دنیا میں عسکری اخراجات کے بارے میں رپورٹ سے متعلق منگل کو اپنی طے شدہ پریس کانفرنس کے آغاز پر سیکرٹری جنرل نے قطر پر حملے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے سے یہ حقیقت بھی واضح ہو جاتی ہے کہ دنیا قیام امن کے بجائے جنگیں چھیڑنے پر کہیں زیادہ اخراجات کر رہی ہے۔

میڈیا میں چھپنے والی اطلاعات کے مطابق حملے میں اسرائیل نے فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حماس کی قیادت کو نشانہ بنایا جو قطر کے دارالحکومت دوحا میں غزہ میں جنگ بندی پر غور کرنے کے لیے اکٹھے ہو رہے تھے۔ اسرائیل اس سے پہلے حماس کے رہنماء اسماعیل ہنیہ کو ایران اور حزب اللہ کے رہنما حسن نصراللہ کو لبنان میں نشانہ بنا چکا ہے۔ اسماعیل ہنیہ اور حسن نصراللہ ان حملوں میں ہلاک ہوگئے تھے۔