کیڈٹ کالج وانا میں یوتھ کنونشن کا انعقاد، سول و عسکری حکام، معززینِ علاقہ، اساتذہ و طلباء کی شرکت

بدھ 10 ستمبر 2025 20:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) کیڈٹ کالج وانا میں بدھ کو نوجوانوں کےلیے ایک شاندار یوتھ کنونشن کا انعقاد کیا گیا ۔خیبر پختونخوا پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تقریب کے مہمانِ خصوصی انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور (خیبر پختونخوا ساؤتھ) میجر جنرل عمر مہر تھے جنہوں نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے ان کی تعلیم، کردار سازی اور ملکی ترقی میں کردار پر روشنی ڈالی۔

میجر جنرل عمر مہر نے کہا کہ ہمارے نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، اگر انہیں درست سمت دی جائے تو یہی قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں. تقریب میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر طاہر شاہ وزیر، دیگر عسکری و سول حکام، معززینِ علاقہ، اساتذہ اور بڑی تعداد میں طلباء نے شرکت کی۔ اس موقع پر طلباء نے مختلف پروگرام پیش کیے جن میں ملی نغمے، تقریری مقابلے، سماجی موضوعات پر خاکے اور علاقائی ثقافت کی عکاسی کرنے والے ٹیبلوز شامل تھے۔

(جاری ہے)

ڈی پی او طاہر شاہ وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ نظم و ضبط اور قانون کا احترام بھی سیکھیں تاکہ ایک بہتر اور پُرامن معاشرہ تشکیل پا سکے۔تقریب کے اختتام پر بہترین کارکردگی دکھانے والے طلباء میں انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔شرکاء نے کیڈٹ کالج وانا کی اس کاوش کو خوب سراہا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اس قسم کی مثبت سرگرمیاں جاری رہیں گی۔

متعلقہ عنوان :