نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس، ضبط شدہ اور ٹیمپرڈ گاڑیوں سے متعلقہ موجودہ قوانین اور پالیسیوں کا جائزہ

بدھ 10 ستمبر 2025 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں ضبط شدہ اور ٹیمپرڈ گاڑیوں سے متعلقہ موجودہ قوانین اور پالیسیوں کا جائزہ لیا گیا۔بدھ کو دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ایک ذیلی کمیٹی کو ان گاڑیوں کے تصرف کے لیے ایک جامع طریقۂ کار وضع کرنے کا کام تفویض کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

تفصیلی غور و خوض کے بعد ذیلی کمیٹی نے متفقہ طور پر ایک کسٹمز جنرل آرڈر کو حتمی شکل دی جس کی بعد ازاں نائب وزیر اعظم نے منظوری دے دی ۔ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے اس فیصلے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ضبط شدہ اور ٹیمپرڈ گاڑیوں کے تصرف کے عمل کو منظم کیا جا سکے گا، زیادہ شفافیت یقینی بنے گی، کارکردگی میں بہتری آئے گی اور ضبط شدہ گاڑیوں کی نیلامی سے زیادہ سے زیادہ ریونیو حاصل کیا جا سکے گا۔اجلاس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، معاون خصوصی برائے وزیر اعظم طارق باجوہ، چیئرمین ایف بی آر اور اٹارنی جنرل کے دفتر و وزارت قانون و انصاف کے نمائندوں نے شرکت کی۔