میکسیکو ، گیس ٹرک دھماکے میں 3 افرادہلاک، 67 زخمی

جمعرات 11 ستمبر 2025 10:10

میکسیکو سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) میکسیکو میں گیس ٹرک میں دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جھلس کر ہلاک اور 67 زخمی ہوگئے۔ فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دھماکہ دارالحکومت میکسیکو سٹی کے مشرقی حصے کے گنجان آباد علاقے اِزتاپالاپا میں ایک پل پر ہوا۔ میونسپل حکام نے 3 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔

(جاری ہے)

میئر کلارا بروگادا کے مطابق 19 افراد کو دوسرے اور تیسرے درجے کے جھلسنے کے زخم آئے ، مجموعی طور پر 67 زخمیوں میں کئی بچے بھی شامل ہیں جنہیں شہر کے مختلف ہسپتالوں میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ٹی وی اور سوشل میڈیا پر جاری ویڈیوز میں دھماکے کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں جن میں لوگ بری طرح جھلسے ہوئے دکھائی دیتے ہیں جبکہ قریبی رہائشی علاقے کے لوگ تیزی سے پھیلتی آگ سے بھاگتے نظر آتے ہیں۔ بعد ازاں فائرفائٹرز نے شعلوں پر قابو پا لیا۔حکام کے مطابق دھماکے کی وجوہات فی الحال معلوم نہیں ہوسکیں، متاثرہ ٹرک میں 49,500 لیٹر گیس موجود تھی اور وہ حادثے کے بعد سڑک پر الٹ گیا جس کے باعث کئی دیگر گاڑیاں بھی متاثر ہوئیں۔