کاروباری ایسوسی ایشنز ،حکومتی اداروں کے درمیان روابط کیلئے فوکل پرسنز تعینات کئے جائیں‘ پیاف

جمعرات 11 ستمبر 2025 17:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2025ء)پاکستان انڈسٹری اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن فرنٹ (پیاف)کے پیٹرن انچیف میاں سہیل نثار ،چیئرمین سید محمود غزنوی ،سینئر وائس چیئرمین مدثر مسعود چودھری اور وائس چیئرمین راجہ وسیم حسن نے کہا ہے کہ کاروباری ایسوسی ایشنز اور حکومتی اداروں کے درمیان مضبوط روابط کے لئے فوکل پرسنز کی تعیناتی نا گزیر ہے ، ایف بی آر کی سو لو فلائٹ پالیسیاں مشکلا ت کا باعث بن رہی ہیں اس لئے پہلے مرحلے میں اس کے لئے فوکل پرسن تعینات کیا جانا چاہیے ۔

(جاری ہے)

اپنے مشترکہ بیان میں پیاف کے رہنمائوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستا ن میں کاروبار کرنے کے حوالے سے غیر جانبدار سروے کرا کے دیکھ لیں سارے حقائق ان کے سامنے آ جائیں ، مختلف رکاوٹوں ، بے جا ٹیکسز اور مہنگے یوٹیلٹی بلز کی وجہ سے کاروبار کرنا انتہائی مشکل بنا دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار چلیں گے تو لوگ ٹیکسز کی ادائیگی کر سکیں گے اور روزگار دینے کے قابل ہوں گے لیکن دن بدن کاروبار کے حالات سمجھ سے باہر ہوتے جارہے ہیں۔ پیا ف کے عہدیداروں نے کہا کہ حکومت صرف بیورو کریسی کی تجاویز پر آنکھیں بند کر کے عمل کرنے کی بجائے دیگر اسٹیک ہولڈرز کو بھی اعتماد میں لے تاکہ ایسی پالیسیاں بنیں جن کے سو فیصد نتائج بھی حاصل ہوں۔