ضلعی انتظامیہ متاثرین سیلاب کو ہرممکن سہولت فراہم کریگی، کمشنر سرگودھا

جمعرات 11 ستمبر 2025 14:05

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان نے مڈھ رانجھاء سیکٹر کے مراد والا سمیت مختلف موضع جات کا دورہ کیا۔ اُنہوں نے متاثرین سے ملاقات کی، ریلیف آپریشن، موبائل ہیلتھ ٹیمز اور لائیو اسٹاک ٹیمز کی کارکردگی کے بارے میں براہِ راست فیڈ بیک لیا اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

کمشنر نے کہا کہ جبتک متاثرین اپنےپیروں پرکھڑےنہیں ہو جاتے، انتظامیہ اُن کے درمیان موجود رہے گی اور اُنہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے ایڈمنسٹریشن کی ٹیمیں 24 گھنٹے کام کر رہی ہیں، جن میں محکمہ صحت، لائیوسٹاک، ریسکیو 1122، انہار، ہائی ویز سمیت چار تحصیلوں کوٹ مومن، ساہیوال، سلانوالی اور بھیرہ کے اسسٹنٹ کمشنرز بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

تمام محکمے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کی نگرانی میں دن رات متاثرین کی خدمت میں مصروف ہیں۔ دریائے چناب اس وقت معمول کے مطابق بہہ رہا ہے جبکہ متاثرہ علاقوں سے بڑی حد تک پانی اتر چکا ہے اور انتظامیہ کی بھرپور کوشش ہے کہ بحالی کا عمل جلد مکمل کیا جائے تاکہ متاثرہ خاندان اپنی معمول کی زندگی کی طرف لوٹ سکیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم ، اسسٹنٹ کمشنر شیریں گُل و دیگر افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :