ٹنڈوآدم میں محفلِ میلاد النبی ﷺ کا شاندار انعقاد، علمائے کرام اور شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت

جمعرات 11 ستمبر 2025 14:47

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) مرکزی عيد ميلاد کميٹی ٹنڈوآدم کے زیراہتمام اور ڈاکٹر صادق علی بلوچ کی میزبانی میں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت باسعادت کے سلسلے میں محفلِ میلاد کا شاندار اور روح پرور انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر معروف عالمِ دین و بانی و چیئرمین درود و سلام فاؤنڈیشن حافظ حامد رضا مہروی، عالمی شہرت یافتہ نعت خواں محمد زوہیب علی اشرفی سمیت دیگر ممتاز علما اور نعت خوان شریک ہوئے۔

محفل میں جابجا درود و سلام کی صدائیں بلند ہوئیں جبکہ سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ اس موقع پر’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی بات چیت کرتے ھوے حافظ حامد رضا مہروی نے کہا کہ نوجوان نسل کو دنیاوی نفسا نفسی سے نکل کر دین کی طرف رجوع کرنا چاہیے، کیونکہ حقیقی کامیابی صرف اسلام کی تعلیمات پر عمل کرنے میں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی ولادت باسعادت سے کائنات منور ہوئی، کفر کی تاریکیاں ختم ہوئیں اور اسلام کی روشنی دنیا بھر میں پھیل گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ حضور ﷺ نے اسلام کی سربلندی کے لیے بے پناہ تکالیف برداشت کیں، حتیٰ کہ گھر اور وطن بھی چھوڑنا پڑا۔ اگر آج مسلمان زوال کا شکار ہیں تو اس کی سب سے بڑی وجہ اسلام سے دوری اور پیغامِ رسول ﷺ سے انحراف ہے۔ محفل کے اختتام پر حضور اکرم ﷺ پر درود و سلام پیش کیا گیا، امتِ مسلمہ کی فلاح و بہبود اور عالمِ اسلام کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں جبکہ شرکاء میں فی سبیل اللہ خیرات بھی تقسیم کی گئی۔

متعلقہ عنوان :