سوشل میڈیا کے منفی استعمال سے طلبہ کے ذہنی صحت پر برااثر پڑتاہے،ڈپٹی کمشنر نیلم

جمعرات 11 ستمبر 2025 16:18

نیلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2025ء)محکمہ تعلیم کے زیراہتمام نظریہ پاکستان سے وابستگی اور سوشل میڈیا کے منفی استعمال کے موضوع پرسیمینار منعقد ہوا۔سیمینار کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر ندیم جنجوعہ (تمغہ امتیاز) جبکہ صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر خواجہ ذاکر نے کی۔تقریب میں سپرنٹنڈنٹ پولیس خواجہ محمد صدیق (تمغہ امتیاز) ،ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر چوہدری نذیر ،پرنسپل بوائز ڈگری کالج خورشید انور، تعلیمی اداروں کے سربراہان، صدرمعلمین اور اساتذہ کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سوشل میڈیا کے منفی استعمال سے طلبہ کے ذہنی صحت پر برااثر پڑتاہے اور نظریاتی انتشار کا باعث بنتا ہے۔اساتذہ سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور دینی مدارس میں نظریہ پاکستان سے وابستگی کی مضبوطی کیلئے میڈیا کے مثبت استعمال پر آگاہی سیشن دیں۔

(جاری ہے)

والدین اپنے بچوں کی تربیت میں سوشل میڈیا کے غلط استعمال کی حوصلہ شکنی کریں اور سوشل میڈیا کا حقائق کے مطابق مثبت استعمال کیاجائے تاکہ معاشرے میں مثبت سرگرمیوں کوپروان چڑھایاجاسکے۔

سوشل میڈیا کے منفی استعمال سے نظریہ پاکستان سے وابستگی کمزور ہونے کاخدشہ ہے۔ سوشل میڈیا موجودہ وقت کاتیز ترین ذریعہ ابلاغ ضرور ہے لیکن تحقیق کے بغیر سوشل میڈیا کااستعمال معاشرے کے لیے ناسور بن سکتا ہے۔ اس موقع پر سپرنٹنڈ نٹ پولیس خواجہ محمد صدیق (تمغہ امتیاز)، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مردانہ خواجہ ذاکر حسین کے علاوہ دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دنیا ’’ڈیجیٹل ورلڈ‘‘میں تبدیل ہوچکی ہے۔

سوشل میڈیا کابنیادی مقصد مختصر وقت میں زیادہ سے زیادہ افراد تک خیالات اور نظریات کی رسائی تھی جس سے لوگوں کی اکثریت نے بھرپور استفادہ حاصل کیا۔ سوشل میڈیا کی اہمیت وافادیت میں روز بروز اضافہ ہورہاہے۔ کسی بھی واقعہ کی خبر، تصویر، ویڈیو بروقت لاکھوں لوگوں تک پہنچ جاتی ہے اور منفی یامثبت دونوں طرح سے اثر انداز ہونے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ مقررین کاکہنا تھا کہ نظریہ پاکستان سے وابستگی پرمتفق ہونا حب الوطنی ہے۔تقریب میں ضلع بھر کے اساتذہ کی کثیر تعداد نے سیمینار میں دلچسپی کااظہار کرتے ہوئے سیمینار کو موجودہ دورکیلئے انتہائی اہم قدم قراردیاہے۔