Live Updates

عمران خان اور بشری بی بی کی سزا معطلی کی درخواستیں جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت

آئندہ ہفتے کی تاریخ نہیں ملتی تو پھر تمام مشق لاحاصل ہے،اس کے بعد عدالت میں نہیں آﺅں گا.بیرسٹرصفدرکا جسٹس ڈوگرسے مکالمہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 11 ستمبر 2025 16:33

عمران خان اور بشری بی بی کی سزا معطلی کی درخواستیں جلد سماعت کیلئے مقرر ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔11 ستمبر ۔2025 )اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی سزا معطلی کی درخواستیں جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کردی ہے اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پاﺅ نڈ نیب کیس میں عمران خان اور بشری بی بی سزا معطلی کی درخواست جلد سماعت کے لئے مقرر کرنے کی متفرق درخواست پر سماعت ہوئی.

(جاری ہے)

چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس اعظم خان پر مشتمل بینچ نے درخواستوں پر سماعت کی درخواست گزاروں کے وکیل سلمان صفدر نے موقف اپنایا کہ نیب کی جانب سے پہلے کہا جاتا رہا کہ پراسیکیوٹر تعینات کرنا ہے، نیب نے دو بار کہا کہ پراسیکیوٹر تعینات نہیں ہوئے پھر پراسیکیوٹر نے پیش ہو کر کہا کہ ہمیں وقت دیدیں، جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ یہ پرانی باتیں ہو گئی ہیں.

بیرسٹر سلمان صفدر نے یاد دہانی کرائی کہ پانچ تاریخیں ہو گئی ہیں ہمارا تو کیس نہیں لگ رہا، اس جسٹس سرفراز ڈوگر نے استفسار کیا کہ یہ کون سی درخواست ہے جو آج فکس ہے؟ بیرسٹر سلمان صفدر نے بتایا کہ ہماری جلد سماعت کی دو متفرق درخواستیں ہیں. چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ عمران خان والے میں نوٹس ہوا ہے؟ بیرسٹر سلمان صفدر نے بتایا کہ نوٹس تو بہت پہلے ہو چکا اس کے بعد تو نیب نے تاریخیں بھی لی ہیں، یہ تو سزا معطلی کی درخواستیں جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی متفرق درخواستیں ہیں ہم نے کبھی میڈیکل گراﺅنڈ نہیں لیا حالانکہ بشری بی بی کی طبیعت بھی ٹھیک نہیں ہے، دونوں کو تمام کیسز میں بریت یا ضمانت مل چکی ہے، اس کیس میں خاتون بھی ہیں اور 8 ماہ ہوگئے ہیں یہ سزا معطلی درخواست ہے، فیصلہ تو آپ نے کرنا ہے لیکن ہماری صرف استدعا ہے کہ خاتون کی حد تک سزا معطلی پر جلد سماعت کی جائے اور اگلے ہفتے سماعت کیلئے کیس مقرر کیا جائے.

عمران خان و بشری بی بی کے وکیل نے ڈویژن بنچ کے سربراہ جسٹس سرفراز ڈوگر کو مخاطب کر کے کہا کہ عمران خان اور بشری بی بی کی سزا معطلی درخواستوں پر سماعت کیلئے آئندہ ہفتے کی تاریخ دے دیں، اگر آئندہ ہفتے کی تاریخ نہیں ملتی تو پھر تمام مشق لاحاصل ہے، پھر اگر سال بھی کیس نہ لگے تو میں نہیں آﺅں گا، جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہوئیکورٹ نے جواب دیا کہ میں رجسٹرار آفس سے رپورٹ منگوا کر دیکھ لیتا ہوں، بعد ازاں عدالت نے عمران خان اور بشری بی بی کی سزا معطلی کی درخواستیں رجسٹرار آفس کو جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کردی. 
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات