Live Updates

190 ملین پاؤنڈ کیس،عمران اور اہلیہ کی سزا معطلی کی اپیلیں سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم

جمعرات 11 ستمبر 2025 17:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2025ء)اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈز کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران اور ان اکی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی اپیلیں جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں 190 ملین پاؤنڈز کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی اپیلیں جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کے معاملے پر سماعت ہوئی۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے 2 بار کہا کہ پراسیکیوٹر تعینات نہیں ہوئے، پھر پراسیکیوٹر نے پیش ہو کر کہا کہ ہمیں وقت دیں۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ نے یہ پرانی باتیں ہو گئی ہیں جس پر بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ 5 تاریخیں ہوگئی ہیں، ہمارا کیس نہیں لگ رہا، چیف جسٹس نے کہا کہ یہ کونسی درخواست ہے جو آج فکس ہی ، سلمان صفدر نے کہا کہ ہماری جلد سماعت کی دو متفرق درخواستیں ہیں۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے استفسار کیا کہ بانی والے کیس میں نوٹس ہوا ہی سلمان صفدر نے کہا کہ نوٹس تو بہت پہلے ہو چکا، اس کے بعد نیب نے تاریخیں لیں، ہم نے کبھی میڈیکل گراؤنڈ نہیں لیا، بشریٰ بی بی کی طبیعت بھی ٹھیک نہیں، دونوں کو تمام مقدمات میں بریت یا ضمانت مل چکی ہے۔بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ توشہ خانہ ٹو کیس بھی جلد از جلد چل رہا ہے، میں چاہتا ہوں کہ سزا معطلی درخواستوں پر جلد فیصلہ ہو جائے۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے کہا کہ رجسٹرار آفس کو کیس جلد مقرر کرنے کی ہدایت کر دی ہے، اس پر وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ اگر آئندہ ہفتے کیس مقرر نہیں ہوتا تو پھر یہ تمام مشق لاحاصل ہے، اگر کیس آئندہ ہفتے مکمل نہ ہوا تو پھر سال کے لیے مقرر نہ ہو، میں نہیں آؤں گا۔چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے کہا کہ میں رپورٹ منگوا کر دیکھ لیتا ہوں۔یاد رہے کہ 17 جنوری 2025 کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قائم احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے 190 ملین پاؤنڈ کے ریفرنس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو مجرم قرار دیتے ہوئے 14 سال قید اور ان کی اہلیہ مجرمہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنا دی تھی، جس کے بعد بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا تھا۔

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے عمران خان پر 10 لاکھ اور بشریٰ بی بی پر 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا تھا، جرمانے کی عدم ادائیگی پر عمران خان کو مزید 6 ماہ جب کہ بشریٰ بی بی کو 3 ماہ کی قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات