قائد اعظم کے اصولوں کو مشعل راہ بنا کر ترقی و خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جاسکتا ہے،چوہدری لطیف اکبر

جمعرات 11 ستمبر 2025 23:01

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2025ء)سپیکر آزادجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کا قائداعظم محمد علی جناح کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے اصولوں کو مشعلِ راہ بنا کر ہی ترقی و خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جاسکتا ہے، بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی شبانہ روز محنت کی بدولت مسلمانان برصغیر کے لیے ایک علیحدہ ریاست کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا، قوم قائداعظم کے سنہری اصولوں کو مشعل راہ بنا کر ملکی ترقی میں کردار ادا کریں، آج ہم جس آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں وہ قائد اعظم کی بے مثال جدوجہد اور اصول پسندی کی مرہونِ منت ہے، قائد نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ کہا تھا، اس وطن کو عظیم تر بنانے کے لیے ہمیں تحریک آزادی پاکستان کے رہنماؤں جیسے حوصلے اور ہمت سے کام کرنا ہوگا، سپیکر آزادجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے قائداعظم محمد علی جناح کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح کی سیاسی بصیرت، عزم اور قیادت نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک آزاد مملکت عطا کی، ہمیں قائد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ایسی معاشرت قائم کرنا ہوگی جو انصاف، مساوات اور بھائی چاریکی عملی تصویر ہو، چوہدری لطیف اکبر نے کہاکہ آج پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کو جن چیلنجز کا سامنا ہے، ان سے نکلنے کا واحد راستہ قانون کی بالادستی، جمہوری اقدار کی پاسداری اور عوامی خدمت کو ترجیح بنانا ہے، ہم سب کو مل کر پاکستان کو ایک حقیقی فلاحی ریاست بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد کو مزید تیز تر کرنا ہوگا، اس موقع پر سپیکر آزادجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے قائد اعظم کے درجات کی بلندی، پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے دعا بھی کی۔