Live Updates

ٌپنجاب سخت ترین آفت سے لڑ رہا ہے‘سیاست کیلئے سیلاب کو استعمال کرنا نامناسب ہے، عظمیٰ بخاری

جمعرات 11 ستمبر 2025 22:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 ستمبر2025ء)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب سخت ترین آفت سے لڑ رہا ہے، سیاست کیلئے سیلاب کو استعمال کرنا نا مناسب ہے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں نجی کشتیوں کو ریگولیٹ کیا جائے گا، نجی کشتیوں کو ادائیگی حکومت کرے گی۔عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ ہیڈ محمد والا اور شیر شاہ میں حالات قابو میں ہیں، ٹینیککل کمیٹی نے ہیڈ محمد والا اور شیر شاہ کو بچانے کے لیے کہیں شگاف ڈالنے کا فیصلہ نہیں کیا، پنجاب حکومت ہٹ دھرمی کا مظاہرہ نہیں کرتی، جہاں غلطی ہوتی ہے اسے ٹھیک کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کل ایک پرائیویٹ کشتی چلانے کا واقعہ سامنے آیا، پرائیویٹ کشتی سیلاب زدگان کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے لیے پیسے مانگ رہا تھا، سیلاب میں گھرے جلال پور پیر والا کے اسسٹنٹ کمشنر کو ناقص انتظامات پر عہدے سے ہٹا دیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ ملتان میں 139 کشتیاں ریسکیو کے عمل میں مصروف ہیں۔ سیلاب سے 4572 دیہات متاثر ہوچکے اور 42 لاکھ افراد متاثر ہوئے، 22 لاکھ افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا، 490میڈیکل کیمپس اور 412 وٹنری کیمپ موجود ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ آج قائد اعظم محمد علی جناح کے ساتھ ساتھ بیگم کلثوم نواز کی بھی برسی ہے، کلثوم نواز آج زندہ ہوتیں تو خوش ہوتیں۔

Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات