راولپنڈی شہر میں امن وامان کے لئے منشیات سمگلنگ،تجاوزات اور گداگری کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کا فیصلہ

جمعرات 11 ستمبر 2025 19:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) ضلعی انتظامیہ نے راولپنڈی شہر میں امن وامان کے لئے منشیات ،تجاوزات،اور گداگری سمیت دیگر جرائم کا خاتمہ کے لئے بڑے کریک ڈاون کا فیصلہ کیا ہے ۔اس حوالے سے جمعرات کو آٹھواں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس کی سربراہی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر حسان طارق نے کی۔

اجلاس میں پولیس، انٹیلی جنس، آئیسکو، گیس، کسٹم، اینٹی نارکوٹکس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں شہر کے انتظامی و سکیورٹی معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ شرکاء کو ٹریفک کے مسائل، امن و امان کی صورتحال، گداگری کے تدارک، نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف کارروائی، انکروچمنٹ کے خاتمے، منشیات سمگلنگ کی روک تھام اور مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق رپورٹس پیش کی گئیں۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر حسان طارق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام محکمے قریبی رابطہ رکھتے ہوئے مربوط اقدامات کریں تاکہ شہریوں کو ریلیف اور بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ٹریفک مینجمنٹ بہتر بنانے، امن و امان برقرار رکھنے اور منشیات کے خاتمے کے لئے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گداگری کے متعلق نئے ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ اس مسئلے کا مؤثر اور مستقل حل نکالا جا سکے۔مزید برآں اجلاس میں افغان مہاجرین کے انخلا کے بعد شہر میں کرائم کی شرح اور دیگر انتظامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ انکروچمنٹ ختم کرنے کے لئے متعلقہ ادارے بلا تفریق آپریشن کریں۔ اجلاس میں تمام محکموں کو اپنی پیش کردہ رپورٹس پر فالو اپ اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی گئی۔