اوپن یونیورسٹی میں تعلیمی معیار میں بہتری اور داخلوں میں اضافہ ہوا، ڈاکٹر ناصر محمود

جمعرات 11 ستمبر 2025 22:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا ہے کہ یونیورسٹی میں تعلیمی معیار مسلسل بہتر ہو رہا ہے اور طلبہ کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ جمعرات کو صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سال 2017 میں یونیورسٹی میں داخلوں کی تعداد 8 لاکھ تھی جو اب بڑھ کر 11 لاکھ سالانہ ہو چکی ہے جبکہ ماضی میں یہ تعداد 15 لاکھ تک بھی پہنچی تھی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یونیورسٹی نے حال ہی میں ارلی چائلڈ کیئر ایجوکیشن پروگرام، ایک سالہ ڈپلومہ کورسز اور کمپیوٹر سائنس و مصنوعی ذہانت میں نئے پروگرامز متعارف کرائے ہیں۔ علاوہ ازیں "سینٹر آف لائف لانگ لرننگ" بھی قائم کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ناصر محمود کے مطابق 3 ہزار سے زائد طلبہ انڈر میٹرک ٹیکنیکل پروگرامز میں زیرِ تعلیم ہیں جنہیں بین الاقوامی ادارے فنڈ کرتے ہیں، جو طلبہ رہ جاتے ہیں ان کی مدد یونیورسٹی خود کرتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسائنمنٹس میں نقل کے تدارک کے لئے اسائنمنٹ کا وزن 10 فیصد اور پاسنگ مارکس 50 فیصد کر دیئے گئے ہیں۔ اردو ڈیٹا بیس نہ ہونے کی وجہ سے ملک میں پلجیئرزم چیک کرنا ایک بڑا چیلنج ہے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی تمام کتابیں خود پرنٹ کرتی ہے اور ایک فیصد بھی پرنٹنگ باہر سے نہیں کرائی جاتی، بی ایس پروگرامز کی کتب بھی یونیورسٹی خود تیار کر رہی ہے۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی ڈگری کو وہ مقام حاصل نہیں جو بعض دیگر جامعات کو حاصل ہے تاہم ادارے کی مسلسل کوشش ہے کہ معیارِ تعلیم کو بہتر سے بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 280 فل ٹائم اور ڈیڑھ لاکھ پارٹ ٹائم اساتذہ یونیورسٹی سے وابستہ ہیں جبکہ ریجنل دفاتر میں ہفتہ وار تربیتی سیشنز کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :