بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں تدریس و تعلم پر چوتھی بین الاقوامی کانفرنس اختتام پذیر

جمعرات 11 ستمبر 2025 22:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد (آئی آئی یو آئی ) کے شعبہ تعلیم اساتذہ کے زیر اہتمام اور اقبال انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ فار ریسرچ اینڈ ڈائیلاگ (آئی آر ڈی ) اور نیشنل بک فاؤنڈیشن کے اشتراک سے دو روزہ چوتھی بین الاقوامی کانفرنس برائے تدریس و تعلم کامیابی سے اختتام پذیر ہو گئی۔

دو روزہ کانفرنس میں ملکی و غیر ملکی ماہرین تعلیم، پالیسی سازوں اور محققین نے شرکت کی۔ کانفرنس میں تعلیمی میدان میں جدید رجحانات جیسے ڈیجیٹل تبدیلی، نصاب میں جدت، شمولیتی تدریس، جائزہ اصلاحات، اور کلاس رومز میں مصنوعی ذہانت کے مؤثر استعمال پر گفتگو ہوئی۔ ڈاکٹر فوزیہ اجمل، سیکرٹری کانفرنس نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ کانفرنس میں سات کلیدی خطابات، 80 سے زائد تحقیقی مقالے و پوسٹر پریزنٹیشنز اور ایک پینل ڈسکشن شامل تھی۔

(جاری ہے)

اہم تجاویز میں عالمی روزگار مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق نصاب کی ترتیب، مصنوعی ذہانت کا ذمہ دارانہ استعمال، اساتذہ کی لائسنسنگ کا معیار اور خصوصی طلبہ کے لیے تدریسی وسائل شامل تھے۔ کانفرنس کے مہمانِ خصوصی نیشنل سکلز یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد مختار نے تدریس میں جدت کو عملی مہارتوں اور ملازمت کے مواقع سے جوڑنے پر زور دیا اور "ایجنٹک اے آئی" کو ایک ابھرتا ہوا رجحان قرار دیا۔ اختتامی تقریب میں کانفرنس چیئر اور چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف ٹیچر ایجوکیشن ڈاکٹر محمد منیر کیانی نے تمام مہمانوں، شرکاء اور اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس نے تحقیق پر مبنی تدریس، ڈیجیٹل تدریسی طریقوں اور بین الاقوامی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔