لبنان کی حکومت نے ایلون مسلک کی کمپنی ’’سٹار لنک‘‘ کو ملک میں انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کا لائسنس دے دیا

جمعہ 12 ستمبر 2025 10:10

بیروت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) لبنان کی حکومت نے امریکی ارب پتی شخصیت ایلون مسلک کی کمپنی ’’سٹار لنک‘‘ کو لبنان میں انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کا لائسنس دے دیا ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق لبنان کے وزیر مواصلات کے ترجمان ٹونی سعد نے گزشتہ روز کہا ہے کہ سٹار لنک نے لبنان میں اپنی ذیلی شاخ قائم کر دی ہے جسے لائسنس جاری کیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں 6 ماہ تک دو طرفہ بات چیت جاری رہی ہے جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 100 ڈالر ماہانہ کی بنیاد پر کمپنیوں کو محدود انٹرنیٹ سہولت مل سکے گی۔ یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز میں لبنانی صدر جوزف عون سے سٹار لنک کے لائسنسنگ ایڈ ڈویلپمنٹ شعبے کے سربراہ سام ٹرنل نے ملاقات کی تھی۔

(جاری ہے)

اس دوران سام ٹرنل کی لبنانی وزارت مواصلات سے بھی ملاقاتیں ہوئیں اور تفصیلات طے ہوتی رہیں۔

سام ٹرنل نے سٹار لنک کی طرف سے لبنانی صدر کو متعدد تکنیکی سہولیات کی پیشکش کی جن میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروسز کو فروغ دینا بھی شامل تھا۔ اس سہولت کے نتیجے میں لبنانی صنعت اور بینکوں کو فائدہ ہوگا۔ تعلیمی ادارے اور سرکاری بھی اس سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ بعد ازاں ایلون مسک سے فون پر بات کرتے ہوئے لبنانی صدر نے انہیں بیروت کے دورے کی دعوت دی جس پر انہوں نے مناسب وقت پر لبنان آنے کو کہا۔