وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کی میجر عدنان اسلم شہید کے گھر آمد، والدین سے اظہار تعزیت

جمعہ 12 ستمبر 2025 16:17

وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کی میجر عدنان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری نے بنوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر عدنان اسلم شہید کی رہائشگاہ کا دورہ کیا اور شہید کے والدین اور اہل خانہ سے ملاقات کی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید میجر عدنان اسلم کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے شہید بیٹے نے بہادری اور شجاعت کی نئی داستان رقم کی ہے، زخمی حالت میں بھی اپنے ساتھیوں کا دفاع کرنے والا عدنان اسلم قوم کا ہیرو ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کے بلند حوصلے اور عزم کو سلام پیش کرتا ہوں، یہی حوصلہ اور عزم قوم کی اصل طاقت ہے۔وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ شہید میجر عدنان اسلم کی عظیم قربانی کبھی رائیگاں نہیں جائے گی، شہداء کے خاندانوں کی لازوال قربانیوں کا قرض پوری قوم پر ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شہید کے والد نے کہا کہ میرے بہادر بیٹے نے ملک و قوم کے لئے اپنی جان قربان کرکے ہمارا سر فخر سے بلند کیا، اگر میرے دس بیٹے بھی ہوتے تو وطن پر قربان کر دیتا۔

شہید کی والدہ نے بلند حوصلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنے بیٹے پر فخر ہے، اس نے جان نچھاور کرکے میری خواہش پوری کر دی۔شہید میجر عدنان اسلم کے ماموں اور سسر نے بتایا کہ وہ کراٹے اور مارشل آرٹ کے بہترین کھلاڑی تھے، جنہوں نے عملی زندگی میں بھی بہادری کا مظاہرہ کیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر شہید کو ملنے والے اعزازات اور میڈلز دیکھے اور شہید کی لازوال قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ واضح رہے کہ میجر عدنان اسلم چند روز قبل بنوں میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران زخمی ہو کر جام شہادت نوش کر گئے تھے۔چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا، آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن بھی ان کے ہمراہ تھے۔