Live Updates

قصورسائلج، چارے اور توڑی میں ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، ڈپٹی کمشنر

جمعہ 12 ستمبر 2025 17:46

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر قصور عمران علی کی زیر صدارت سائلج اور چارے کی ناجائز منافع خوری سے متعلق جائزہ اجلاس ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اے ڈی سی جی سلمون ایوب ،ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن /ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر قصور تابندہ سلیم ،انچارج پیرا فورس غضنفرنوید،اسسٹنٹ کمشنر قصور اسفند یار، ایری گیشن، لائیو سٹاک کے افسران سمیت چارہ منڈی کے تاجران نے بھی شرکت کی ۔

اجلاس میں سیلاب کے بعد سائلج، توڑی اور چارے کی قیمتوں میں اچانک خودساختہ اضافے سے متعلق تفصیلی بریفنگ کے دوران بتایاگیا کہ ناجائز منافع خوری کرنے والے مافیاز سائلج کے اندر مکئی کے باقیات شامل کرکے اس کو دوگنی قیمت پر فروخت کرکے ناجائز منافع میں ملوث ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عمران علی نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی واضح ہدایات پر ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

سیلاب زدگان پہلے ہی مصیبت سے دوچار ہیں اس حال میں اُن سے چارے کی ڈبل قیمت وصول کرنا ناانصافی ہوگی۔ سائلج، چارے اور توڑی کی پرانی قیمتوں پر فروخت کو ہرصورت یقینی بنایاجائے، وگرنہ ان ایٹمز کی سپلائی ضلع سے باہر بند کردی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے انچارج پیرافورس کو سائلج کے سٹاک کو قبضے میں لینے کی ہدایت کی۔ ڈی سی نے اجلاس سے مزید خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جلد ہی چارے اور ونڈے کی قیمتیں بھی نوٹیفائی کردی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے وژن کے مطابق سیلاب متاثرین کو ہرممکن ریلیف فراہم کیاجائے گا۔ مصنوعی مہنگائی اور غیرضروری منافع خوروں کے خلاف بھرپور کریک ڈائون کیاجائے۔ سیلاب متاثرین اور کسانوں کو درپیش مشکلات کے فوری ازالے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ جانوروں کے لیے چارے کی فراہمی بلاتعطل جاری رہے۔\378
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات