وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا کی زیر صدارت سنڈیکیٹ اجلاس،مختلف شعبہ جات کے قیام اور دیگر اہم انتظامی فیصلے

جمعہ 12 ستمبر 2025 22:49

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کی زیر صدارت سنڈیکیٹ اجلاس میں مختلف شعبہ جات کے قیام اور دیگر اہم انتظامی فیصلے کئے گئے۔ رجسٹرار سرگودھا یونیورسٹی وقار احمد نے سنڈیکیٹ کا ایجنڈا پیش کیا۔ اجلاس میں چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن پنجاب پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان، وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر عمر چوہدری، چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے نمائندہ پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود (سابق وائس چانسلر یونیورسٹی آف نارووال)، ممبر صوبائی اسمبلی منصور اعظم سندھو، ممبر صوبائی اسمبلی سردار عاصم شیر میکن، ایڈیشنل سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ زاہدہ اظہر، ایڈیشنل ڈائریکٹر قانون و پارلیمانی امور شاہد امتیاز، ڈپٹی سیکرٹری فنانس ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب مریم جاوید، پرو وائس چانسلر ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان، ڈین فیکلٹی آف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عامر علی، پرنسپل گورنمنٹ انبالہ مسلم گریجوایٹ کالج سرگودھا ڈاکٹر محمد اظہر عباس، پرنسپل گورنمنٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین چاندنی چوک سرگودھا ڈاکٹر صفانہ شاہین بھی موجود تھیں۔

(جاری ہے)

سنڈیکیٹ کے اجلاس میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے تمام ممبران سنڈیکیٹ کو خوش آمدید کہا اور انہیں یونیورسٹی میں جاری تعلیمی، تحقیقی، انتظامی اور تعمیراتی کاموں کے بارے میں بریفنگ دی اور اجلاس میں شامل تمام ممبران نے وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کی قائدانہ صلاحیتوں کو بے حد سراہا۔

اجلاس میں حال ہی میں قائم ہونے والے انٹرڈسپلنری ریسرچ، سنٹر فار ون ہیلتھ میں فیکلٹی ممبران کی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔ سنڈیکیٹ کے اجلاس میں سلیکشن بورڈ، اکیڈمک کونسل اور فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کی مختلف سفارشات کی بھی منظوری دی گئی اور دیگر اہم فیصلے بھی کئے گئے۔ سنڈیکیٹ اجلاس میں مختلف پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کالجز کے الحاق، سلیکشن بورڈ اور انڈومنٹ مینجمنٹ کمیٹی کے لئے سنڈیکیٹ ممبران کی تقرری کی بھی منظور دی گئی نیز اجلاس میں یونیورسٹی ڈویلپمنٹ آفس کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔