خیبرپختونخوا ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 24واں اجلاس منعقد

جمعہ 12 ستمبر 2025 22:49

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن طفیل انجم نے کہا ہے کہ صوبے کے نوجوان ہمارا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں۔ ان کے لئے فنی تربیت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کے پی ٹیویٹا اپنے تمام وسائل بروئے کار لا کر نوجوانوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر مسابقت کے قابل بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبرپختونخوا ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 24 ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ہے ۔ اجلاس کے پی ٹیوٹا کے ہیڈ افس میں منعقد ہوا ہے۔ اجلاس میں سیکرٹری محکمہ صنعت و حرفت مسعود احمد، منیجنگ ڈائریکٹر کے پی ٹیویٹا ملک منصور قیصر، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (UOT) نوشہرہ ڈاکٹر سعید بادشاہ، ڈپٹی سیکرٹری فنانس شہاب الدین، اسسٹنٹ چیف پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ عالم زیب، بورڈ ممبر فیصل عتیق، بورڈ ممبر رضا علی خان، پرنسپل گورنمنٹ پولی ٹیکنیک انسٹیٹیوٹ مردان ظاہرشاہ، بورڈ ممبر زاہد ندیم سمیت کے پی ٹیویٹا کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران منیجنگ ڈائریکٹر کے پی ٹیویٹا نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 21ویں اور 23ویں اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد اور پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مختلف فنی و پیشہ ورانہ اداروں میں نصاب کی بہتری، جدید ٹیکنالوجی کے آلات کی فراہمی، اور ٹریننگ پروگرامز میں طلبہ کے اندراج میں اضافہ ہوا ہے۔ بورڈ نے اب تک کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید بہتری کے لیے مختلف تجاویز اور ہدایات بھی دیں۔

بعد ازاں منیجنگ ڈائریکٹر کے پی ٹیویٹا نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 24ویں اجلاس کے لیے مجوزہ ایجنڈا آئٹمز پیش کیے۔ ان ایجنڈہ آئیٹمز میں کے پی ٹیویٹا کے ملازمین کے لیے سروس اسٹرکچر کی منظوری، تاکہ سرکاری ملازمین کو ترقی کے مواقع اور بہتر مراعات فراہم کی جا سکیں۔ گورنمنٹ پولی ٹیکنیک انسٹیٹیوٹ چترال کی اپ گریڈیشن، تاکہ دور افتادہ اضلاع کے نوجوانوں کو اعلیٰ فنی تعلیم اور جدید سہولیات میسر ہوں۔

مردان کے علاقے بخشالی میں نیا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ سنٹر قائم کرنے کی منظوری، تاکہ مقامی سطح پر ہنر مند افرادی قوت تیار کی جا سکے۔ رستم مردان میں نیا ووکیشنل سنٹر قائم کرنے کی تجویز، تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ کو ٹریننگ کے مواقع فراہم ہوں جبکہ ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں نئے تربیتی مراکز کے قیام کی منظوری، تاکہ جنوبی اضلاع کے نوجوان بھی جدید فنی تربیت حاصل کر کے روزگار کے بہتر مواقع حاصل کر سکیں۔

اجلاس میں تفصیلی غور و خوض کے بعد بورڈ آف ڈائریکٹرز نے مذکورہ ایجنڈا آئٹمز کی منظوری دی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ان منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے فوری اقدامات کیےجائیں۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ یہ منصوبے صوبے کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے، ہنر مندی میں اضافہ کرنے اور صوبے کو صنعتی و معاشی ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کرنے میں سنگِ میل ثابت ہوں گے۔

مزید برآں، اجلاس میں ادارے کی مالیاتی پالیسیوں، بجٹ کی تقسیم، اور موجودہ پروگرامز کی مانیٹرنگ کے طریقہ کار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بورڈ نے اس بات پر زور دیا کہ تمام منصوبے شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر مکمل کیے جائیں، جبکہ صنعتوں کے ساتھ قریبی روابط کو مزید فروغ دے کر طلبہ کو انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق تربیت فراہم کی جائے۔ اجلاس کے اختتام پر معاون خصوصی نے کہا کہ صوبے کی ترقی اور نوجوانوں کی فلاح وبہبود اور روشن مستقبل کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔