Live Updates

تھڈو ڈیم میں طغیانی کے باعث ایس ٹی ڈی سی 132 کے وی کا ٹاور زمین بوس ، ناصر شاہ کا نوٹس

جمعہ 12 ستمبر 2025 22:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء)وزیر توانائی، ترقیات و منصوبہ بندی سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ تھڈو ڈیم میں طغیانی/سیلاب کے باعث محکمہ توانائی سندھ (STDC) کا سندھ ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کا 132 کے وی کا ٹاور زمین بوس ہوگا جس کے باعث کراچی شہر کو 100 میگاواٹ بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جسکا فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے سی ای او ایس ٹی ڈی سی سلیم احمد شیخ کو فوری طور پر ٹاور دوبارہ کھڑا کرنے اور 100 میگاواٹ بجلی کی کراچی کو ترسیل بحال کرنے کی ہدایت کی گئی۔

وزیر توانائی کی ہدایت پر سی ای او (STDC) محمد سلیم شیخ اور ان کی ٹیم سینئر جی ایم طارق سعید، مینجر ٹیکنکل سعد زبیری اور اسسٹنٹ مینجر ٹیکنکل محمد بلال کی کاوشوں کے باعث زمین بوس ٹاور کو عارضی طور پر کھڑا کرکے کراچی شہر کو 100 میگاواٹ بجلی بحال کردی گئی۔

(جاری ہے)

سلیم شیخ نے وزیر توانائی ناصر شاہ کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 9 ستمبر 2025 کی رات تقریبا 8 بجے سندھ نوری آباد پاور کمپنی (SNPC) سے کے الیکٹرک کے ڈی اے، 33 گرڈ اسٹیشن کراچی تک جانے والی 132 کے وی ڈبل سرکٹ ٹرانسمیشن لائین کا ٹاور نمبر 349 تھڈو ڈیم میں طغیانی اور سیلاب کے باعث زمین بوس ہوگیا جس کے نتیجے میں کراچی شہر کو 100 میگاواٹ بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

ایس ٹی ڈی سی کی ٹیم نے فوری طور پر اس کی اطلاع وزیر توانائی ناصر شاہ کو دی جنکی ہدایت پر ایس ٹی ڈی سی کی ٹیم نے فوری ایکشن لیتے ہوئے تمام دستیاب وسائل کو ہنگامی بنیاد پر استعمال کیا اور ٹاور کی بحالی کیلئے اقدامات شروع کئے۔ سلیم شیخ نے وزیر توانائی کو مزید بتایا کہ عام حالات میں نیا ٹاور نصب کرنے میں تقریبا ایک ماہ درکار ہوتا ہے لیکن ایس ٹی ڈی سی کی ٹیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے طویل بوم کرینر اور ماہر ٹرانسمیشن لائن ٹیموں کی مدد سے گرنے والے ٹاور کو عارضی بنیادوں پر دوبرہ کھڑا کردیا جس کے بعد کم سے کم وقت میں بجلی کی ترسیل بحال کردی گئی۔

اس کے ساتھ ساتھ نئے ٹاور کی تعمیر کا کام بھی شروع کردیا گیا۔ وزیر توانائی ناصر شاہ نے سی ای او ایس ٹی ڈی سی سلیم شیخ اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور شاباش دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ادارے میں اچھے اور محنتی افسران سرمایہ ہوتے ہیں اور صوبہ سندھ میں سختی اور محنتی اور اچھے افسران کی کمی نہیں ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات