بارشوں کے دوران جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی جانب سے 117 آن لائن کلاسز کے ذریعے تعلیمی تسلسل برقرار

جمعہ 12 ستمبر 2025 22:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء)وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن کی قیادت میں جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی نے مشکل دنوں میں بھی تعلیم کا سلسلہ بغیر رکے جاری رکھا۔ 9 سے 11 ستمبر 2025 کے دوران کل 117 ہم وقتی (سینکرونس)آن لائن کلاسز منعقد کی گئیں۔9 ستمبر کو 42 کلاسز کا انعقاد کیا گیا جن میں انسٹی ٹیوٹ آف فارماسیوٹیکل سائنسز (IPS) نے 20 کلاسز کے ساتھ سبقت لی۔

10 ستمبر کو کل 43 کلاسز ہوئیں جن میں 27 کلاسز IPS کی تھیں۔ 11 ستمبر کو مختلف انسٹی ٹیوٹس میں 32 کلاسز منعقد ہوئیں جس سے اساتذہ اور معاون عملے کے جذبے اور عزم کا اظہار ہوتا ہے۔وائس چانسلر نے تمام اساتذہ کی محنت کو سراہا اور پرنسپل ایس ایم سی پروفیسر امبرین عثمانی کے فعال کردار کو سراہا جو کنٹرول روم میں موجود رہ کر ان کلاسز کی نگرانی کرتی رہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈائریکٹر آئی ٹی جناب اورنگزیب کی قیادت کو بھی سراہا جنہوں نے آن لائن کلاسز کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنایا۔جناب اورنگزیب نے اپنی ٹیم کے اراکین محمد احسن، جمیل احمد، شجاع، محمد خرم، شہاب الدین، فیضان احمد، اظہار احمد اور اشراق احمد کی انتھک محنت کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہی کی بدولت گوگل میٹ، گوگل کلاس روم اور مائیکروسافٹ ٹیمز کے ذریعے کلاسز کا سلسلہ باآسانی جاری رہا۔ وائس چانسلر نے جامعہ میں موجود ضروری انتظامی عملے اور رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان کے تعاون کو بھی سراہا جنہوں نے تعلیمی عمل کے تسلسل کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔