عوامی ایکشن کمیٹی کا ایجنڈا کسی طور پر عوامی مسائل کے حل کے لیے نہیں،چوہدری اشفاق گجر

جمعہ 12 ستمبر 2025 19:24

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء)وزارتِ جنگلات کے چیف کوآرڈینیٹر اور کونسلر،چوہدری اشفاق گجر نے 29 ستمبر کو عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے دیے گئے احتجاج کے اعلان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کے اقدامات ریاست میں افراتفری پھیلانے کے مترادف ہیں۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کا ایجنڈا کسی طور پر عوامی مسائل کے حل کے لیے نہیں بلکہ ذاتی اور سیاسی مفادات کے گرد گھومتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کو اس وقت اتحاد، یکجہتی اور تعمیر و ترقی کی اشد ضرورت ہے لیکن کچھ عناصر اپنی سیاست چمکانے کے لیے نوجوانوں کو احتجاج پر اکسا رہے ہیں۔‘‘ریاست کے باشعور عوام جانتے ہیں کہ احتجاج اور ہڑتالوں سے کبھی مسائل حل نہیں ہوتے، بلکہ یہ ترقی کی راہ میں رکاوٹ بنتے ہیں،’’چوہدری اشفاق گجر نے کہا۔

(جاری ہے)

کونسلر مہاجر نے مزید کہا کہ حکومت عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔

روزگار کی فراہمی، تعلیم و صحت کے نظام کی بہتری اور بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کا احتجاج ان مسائل کے حل میں رکاوٹ ڈالنے کے مترادف ہے۔چوہدری اشفاق گجر نے واضح کیا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے بعض رہنماؤں کے بیانات اور اقدامات دشمن قوتوں کے بیانیے کو تقویت دینے کے مترادف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ پوری قوم پاکستان اور افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہو اور بیرونی سازشوں کو ناکام بنائے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ احتجاجی سیاست کے بجائے تعمیر و ترقی کے سفر میں حکومت کا ساتھ دیں اور کسی بھی ایسی تحریک یا کال کا حصہ نہ بنیں جو انتشار اور بدامنی کو جنم دے۔