پنجاب آثارِ قدیمہ کی جانب سے ہڑپہ کھدائی کے سو سال مکمل ہونے پر نئے سائنسی منصوبے کا آغاز

جمعہ 12 ستمبر 2025 21:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 ستمبر2025ء) ہڑپہ میں 1925 میں شروع ہونے والی پہلی باقاعدہ کھدائی کی سو سالہ یادگار کے موقع پر ڈائریکٹوریٹ جنرل آف آرکیالوجی پنجاب نے ایک بڑے اور سائنسی منصوبے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت ہڑپہ سمیت پنجاب کے دیگر اہم تاریخی و قدیم مقامات پر نئی کھدائیاں کی جائیں گی۔ یہ اقدام پنجاب میں آثارِ قدیمہ کی سو سالہ روایت کو نئی سمت دینے کے ساتھ ساتھ تحقیق اور جدید سائنسی طریقوں کے ذریعے قدیم تہذیبوں کے مطالعہ کو مزید آگے بڑھائے گا۔

ہڑپہ میں کی جانے والی نئی کھدائیوں میں ڈیجیٹل میپنگ، سائنسی ڈیٹنگ اور جدید دستاویزی طریقے استعمال کیے جائیں گے تاکہ وادی سندھ کی تہذیب کو بہتر انداز میں دنیا کے سامنے پیش کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

منصوبے کے دوسرے مرحلے میں پنجاب آثارِ قدیمہ نے گندھارا کے تاریخی خطے میں بھی منظم کھدائیوں کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ پنجاب کی کثیر تہذیبی وراثت کو محفوظ اور اجاگر کیا جا سکے۔

یہ منصوبہ حکومتِ پنجاب کی مکمل سرپرستی میں شروع کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف نے اس بات پر زور دیا ہے کہ آثارِ قدیمہ کو علم اور ثقافتی شناخت کے ساتھ جوڑا جائے، جبکہ سینئر وزیر پنجاب محترمہ مریم اورنگزیب نے رہنمائی فراہم کی ہے کہ یہ اقدامات عالمی معیار کے مطابق ہوں۔ ڈائریکٹر جنرل آثار قدیمہ پنجاب ظہیر عباس ملک کے مطابق یہ کھدائیاں نہ صرف علمی دنیا میں نئی تحقیق کو فروغ دیں گی بلکہ پنجاب کو تحقیق، سیاحت اور ثقافتی فخر کا مرکز بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔