چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ سے نادرا وفد کی ملاقات

سندھ کے مختلف شہروں میں مزید 13 نادرا دفاتر اور میگا سینٹر قائم کرنے پر اتفاق

جمعہ 12 ستمبر 2025 21:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء)سندھ کے مختلف شہروں میں مزید 13 نادرا دفاتر اور میگا سینٹر قائم کرنے پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ سے نادرا وفد کی ملاقات ہوئی جس میں ای ٹرانسفر آف پراپرٹی اور لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ سمیت دیگر امور پر گفتگو کی گئی۔

(جاری ہے)

چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ صوبے میں آن لائن پراپرٹی ٹرانسفر کی جانب بڑھ رہے ہیں، نادرا اور سندھ حکومت کے درمیان ڈیجیٹل اقدامات پر تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دیہی اور پسماندہ علاقوں میں بھی نادرا دفاتر کا دائرہ وسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے شہریوں کے لیے کراچی میں پاسپورٹ کی سہولت کے لئے اہم اقدام کیاگیا ہے اور نادرا میگا سینٹر میں پاسپورٹ کے حصول کے لیے کاونٹر قائم کیے گئے۔ضلع وسطی اور غربی میں نئے پاسپورٹ آفس قائم کر دیے گئے تھے۔نادرا میگا سینٹرز ناظم آباد اور سائٹ میں ہی پاسپورٹ پراسیسنگ کانٹرز بنائے گئے تھے۔