مردان میں 752ملین روپےکی لاگت سےانفراسٹرکچر بحالی منصوبے افتتاح

جمعہ 12 ستمبر 2025 22:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) صوبائی وزیر خوراک خیبر پختونخوا محمد ظاہر شاہ طورو نے مردان کے علاقہ شیخ ملتون ٹاؤن فیز ٹو میں 752 ملین روپے کی لاگت سے انفراسٹرکچر بحالی کےمنصوبے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ یہ منصوبہ شیخ ملتون اور ملحقہ شہری علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی ڈھانچے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

افتتاحی تقریب میں علاقہ مکینوں، بلدیاتی نمائندوں، اور معززین علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ منیجنگ ڈائریکٹر اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹیز خیبر پختونخوا مختیار احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چیئرمین نیبرہوڈ کونسل شیخ ملتون ارسلان خان نے منصوبے کے آغاز کو علاقے کی تقدیر بدلنے والا منصوبہ مقرار دیتے ہوئے صوبائی وزیر خوراک کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

شیخ ملتون ٹاؤن کے عوام گزشتہ کئی برسوں سے علاقے میں بنیادی سہولیات کی کمی اور بوسیدہ انفراسٹرکچر کی شکایات کر رہے تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک خیبرپختونخواظاہر شاہ طورو نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوامی مطالبے کو مدنظر رکھتے ہوئے اس میگا پروجیکٹ کا آغاز کیا ہےجو علاقے میں ترقی اور خوشحالی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔منصوبے کے تحت علاقے میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت، نکاسی آب کے نظام کی بہتری، گلیوں کی پختگی اور دیگر شہری سہولیات کی فراہمی شامل ہے۔

اس منصوبے سے نہ صرف عوامی مشکلات میں کمی آئے گی بلکہ روزمرہ زندگی میں نمایاں بہتری بھی متوقع ہے۔وزیر خوراک محمد ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت تمام تر وسائل عوامی خدمت کے لیے وقف کر رہی ہے اور ہم ہر محکمے میں بہتری لا کر عوام کو سہولیات فراہم کریں گے۔ منصوبے کے آغاز پر عوام نے خوشی کا اظہار کیا اور حکومتی اقدام کو سراہا۔ علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ برسوں بعد ان کے مسائل کو سنجیدگی سے لیا گیا ہے اور امید ہے کہ منصوبہ جلد مکمل ہو کر ان کی زندگیوں میں بہتری لائے گا۔یہ منصوبہ نہ صرف شیخ ملتون بلکہ مردان کے دیگر شہری علاقوں کے لیے بھی ترقی کی راہیں کھولنے میں معاون ثابت ہوگا۔