پنجاب جاب سنٹر پر 14 لاکھ سے زائد افراد نے بطور ملازمت متلاشی رجسٹریشن کرا لی،ترجمان

جمعہ 12 ستمبر 2025 23:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) پاکستان میں پہلی بار ضلعی سطح پر ملازمت کی تلاش میں معاونت فراہم کرنے کیلئے لیبر اینڈ ہیومن ریسورس ڈیپارٹمنٹ کیلئے پی آئی ٹی بی کے وضع کردہ آن لائن پلیٹ فارم پنجاب جاب سنٹر پر اگست 2022 سے اب تک 14 لاکھ سے زائد افراد بطور ملازمت متلاشی اپنی رجسٹریشن کروا چکے جبکہ 1 لاکھ 7 ہزار سے زائد افراد بطور آجر رجسٹرڈ ہیں۔

ترجمان کے مطابق اس پورٹل کا مقصد آجروں، پروموٹرز، ایمپلائمنٹ ایکسچینج ایجنسیوں، ورکرز اور ملازمت کے خواہشمند افراد کو ایک ہی پلیٹ فارم پر یکجا کرنا ہے تاکہ وہ باآسانی ایک دوسرے سے رابطہ قائم کر سکیں۔ اس حوالے سے پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف کا کہنا تھا کہ یہ پلیٹ فارم نوجوانوں کو ان کی صلاحیتوں اور قابلیت کے مطابق ملازمت کے مساوی مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے جبکہ آجروں کو بھی بااعتماد اور تربیت یافتہ افرادی قوت تک رسائی میسر آ رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ نجی اور سرکاری شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد اور کاروباری مالکان پورٹل کے ذریعے آن لائن رجسٹریشن کر سکتے ہیں،علاہ ازیں امیدوار بھی موبائل فون سے 8900 پر اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر بھیج کر یا واٹس اپپ نمبر 03108148900 پر میسج کر کے رجسٹریشن لنک حاصل کر سکتے ہیں۔