دنیا کی پہلی گلوبل ایس ایم ایز سمٹ میں کامیابیاں سمیٹنے کے بعد پاکستانی وفد کی وطن واپسی

ایس ایم ایز سمٹ میں پاکستان کے نجی شعبے کی شرکت انتہائی کامیاب رہی ‘ وائس چیئرمین پسمیڈا محمد یاسین

ہفتہ 13 ستمبر 2025 12:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2025ء)سوئٹرز لینڈ کے شہر ڈیووس میں منعقد ہونے والی دنیا کی پہلی گلوبل ایس ایم ایز سمٹ میں کامیابیاں سمیٹنے کے بعد پاکستانی وفد وطن واپس پہنچ گیا ،گلوبل سمٹ میں ایس ایم ایز کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرنے والے نامور ماہرین ،مختلف خطوں سے حکومتی شخصیات ،کاروباری رہنمائوں، پالیسی سازوں ،سرمایہ کاروں اور سفارتکاروں نے شرکت کی۔

سمٹ میں عالمی سطح پر ایس ایم ایز کے کردار کو اجاگر کرنے ،درپیش چیلنجز ،ترقی پذیر ممالک میں جدید ٹیکنالوجی کی عدم دستیابی ،بڑے ممالک کی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے اور ایس ایم ایز کی ترقی کے لئے سرمایہ کاری کے حصول کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔پاکستان کی نمائندگی کرنے والے پاکستان انڈسٹریل سیونگ مشینز امپورٹرز اینڈ ڈیلرز ایسوسی ایشن (پسمیڈا)کے وائس چیئرمین محمد یاسین نے وطن واپسی پر بتایا کہ ایس ایم ایز سمٹ میں شریک مندوبین نے زور دے کر کہا ہے کہ چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتیں نہ صرف معاشی ترقی کا بنیادی ستون ہیں بلکہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

سمٹ میں ایس ایم ایز میں جدت اور گروتھ کے روایتی طریقوں کی بجائے ڈیجیٹلائزیشن ، فنانسنگ تک رسائی اور عالمی مارکیٹوں میں ایس ایم ایز کے حجم کو بڑھانے پر زور دیا گیا ۔ مندوبین نے زور دے کر کہا کہ پالیسی سازوں کو چھوٹے کاروباروں کوسازگار ماحول فراہم کرنا چاہیے تاکہ وہ بدلتی ہوئی عالمی معیشت میں موثر کردار ادا کر سکیں۔محمد یاسین نے کہا کہ ایس ایم ایز سمٹ میں پاکستان کے نجی شعبے کی شرکت انتہائی کامیاب رہی البتہ تشویش کی بات یہ ہے کہ پاکستانی سفارتخانے کے ذمہ داران کی جانب سے مذکورہ عالمی ایونٹ کے لئے وہ تیاری نہیں کی گئی جس کے ذریعے پاکستان کے لئے وسیع پیمانے پر فوائد حاصل کئے جا سکتے ۔

سمٹ میں مختلف ممالک کے وزراء ، پالیسی سازوں ، سفارتکاروں اور سرمایہ کاروں سے تفصیلی ملاقاتیں ہوئیںجنہیں مستقبل میں مضبوط روابط کے فروغ کے لئے استعمال کیا جائے گا۔ ہم پاکستان میں ایس ایم ایز سے وابستہ تنظیموں اور ایسوسی ایشنز کو آن بورڈ لے کر ان رابطوں کو پاکستان میں ایس ایم ایز کی ترقی کے لئے بروئے کار لانے کے لئے پر عزم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی وفد نے سمٹ کے انعقاد کلئے مختص کانگریس ہال کے اسٹیج پر نہ صرف اپنے ملک کا پرچم لہرایا بلکہ پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم گلوبل ایس ایم ایزبزنس ہوم کے صدر انیس خان اورپاکستان کی کنٹری ہیڈ آمنہ احمد رضا کے شکر گزار ہیں جنہوں نے پاکستان کو اس غیر معمولی ایونٹ میں شرکت کی دعوت دی جس کا یقینی طور پر پاکستان کو بہت زیادہ فائدہ حاصل ہوگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایس ایم ایز سمٹ میں یورپی اور خلیجی ممالک کے وینچر کیپیٹلسٹ سے بھی ملاقاتیں ہوئیں جس میں انہیں پاکستان میں مختلف منصوبوں کیلئے فنڈنگ کرنے کے حوالے سے ترغیب دی گئی ہے ۔ اگر ہمارے سفارتکار اس کیلئے اپنا متحرک کردار ادا کرتے تو اس کے جلد اور بہترین نتائج حاصل ہو سکتے تھے۔