شام میں ایرانی قدس فورس کے زیر انتظام گروہوں کو گرفتار کرنیکادعویٰ

گرفتار کیے گئے عناصر کو تفتیش کے لیے اسرائیل منتقل کر دیا گیا ہے،ترجمان فوج

ہفتہ 13 ستمبر 2025 14:22

تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2025ء)اسرائیل نے انکشاف کیا ہے کہ اس کی افواج نے شام میں کارروائیوں کے دوران ایرانی پاسداران انقلاب کے زیر انتظام قدس فورس کے مبینہ خفیہ یونٹوں کو نشانہ بنایا اور متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان افیخای ادرعی نے ایک بیان میں دعوی کیا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران شام میں قدس فورس کے یونٹ 840 سے منسلک گروہ پکڑے گئے جو اسرائیل کے خلاف کارروائیوں کے لیے سرگرم تھے۔

ان کے مطابق گرفتار شدہ افراد کو تفتیش کے لیے اسرائیل منتقل کر دیا گیا۔ ترجمان نے الزام لگایا کہ یہ نیٹ ورک یونٹ 840 کی ہدایت پر اسرائیل کے خلاف دہشت گرد منصوبی بنا رہا تھا۔مزید بتایا گیا کہ مارچ اور اپریل میں شام کے اندر سے یونٹ 840 سے تعلق رکھنے والے دو افراد زیدان الطویل اور محمد الکریان کو حراست میں لیا گیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح لبنان میں گزشتہ ماہ ہلاک ہونے والے قاسم صلاح الحسینی اور محمد شعیب بھی انہی سرگرمیوں سے جڑے ہوئے تھے اور ہتھیاروں کی اسمگلنگ کے بڑے نیٹ ورک میں اہم کردار ادا کر رہے تھے۔

ادرعی نے کہا کہ تحقیقات سے ظاہر ہوا کہ کچھ بھرتی شدہ افراد کو یہ تک علم نہیں تھا کہ وہ کس مقصد کے لیے کام کر رہے ہیں، کیونکہ اکثر کو مالی رشوت دے کر شامل کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ قدس فورس لبنانیوں اور شامیوں کو دھوکے اور لالچ کے ذریعے بھرتی کرتی ہے، جس سے ان کی جانیں خطرے میں پڑتی ہیں۔