سیکرٹری ثقافت و سیاحت و آثارِ قدیمہ خیبر پختونخوا کا ورسٹائل فنکار عشرت عباس خلیل کے انتقال پر افسوس کا اظہار

ہفتہ 13 ستمبر 2025 14:43

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2025ء) سیکرٹری ثقافت و سیاحت و آثار قدیمہ خیبر پختونخوا ڈاکٹر عبدالصمد نے برصغیر کے نامور اداکار و صداکار خلیل خان کے فرزند، ریڈیو، ٹیلی ویژن، سٹیج اور ثقافتی حلقوں کے درخشاں ستارے، صدارتی ایوارڈ یافتہ فنکار عشرت عباس خلیل کے اچانک انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے،تعزیتی بیان میں ڈاکٹر عبدالصمد نے کہا کہ عشرت عباس خلیل فنونِ لطیفہ کے ایسے درخشاں چراغ تھے جنہوں نے اپنی خداداد صلاحیتوں اور ہمہ جہتی فن کے ذریعے ثقافتی دنیا میں ایک منفرد مقام بنایا۔

وہ ڈرامہ کے ماہر فنکار تھے، آواز کے اتار چڑھاؤ، چہرے کے تاثرات اور کردار کی روح کو اجاگر کرنے میں ان کا جواب نہ تھا۔ محکمہ ثقافت ان کی فنی خدمات پر بہت کچھ تحریر کر چکا ہے اور بہت کچھ لکھنا اب بھی باقی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عشرت عباس پاکستان ٹیلی ویژن کے نہ صرف ایک عظیم اداکار تھے بلکہ سماجی و تنظیمی حلقوں میں بھی نمایاں حیثیت رکھتے تھے۔ وہ آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) کے صوبائی سیکرٹری جنرل اور مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیتے رہے۔ڈاکٹر عبدالصمد نے کہا کہ آج کی گھڑی میں ہم ان کی فنی زندگی پر سیر حاصل گفتگو کرنے کے بجائے ان کے غمزدہ خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں۔