پنجاب فوڈ اتھارٹی کا سیالکوٹ میں مضر صحت خوراک کےخلاف کریک ڈاؤن، 15 فوڈ پوائنٹس کوجرمانہ عائد

ہفتہ 13 ستمبر 2025 15:03

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2025ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے سیالکوٹ کے علاقوں ڈسکہ، سٹی ایریا اور پسرور میں ناقص اور مضر صحت خوراک فراہم کرنے والے فوڈ پوائنٹس کے خلاف کارروائیاں کیں۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران صفائی کے ناقص انتظامات، زائدالمیعاد اشیا کی فروخت اور بنیادی اصولوں کی سنگین خلاف ورزیوں پر 15 فوڈ آؤٹ لیٹس کو مجموعی طور پر ایک لاکھ پچاس ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔

ترجمان نے بتایا کہ چھاپوں کے دوران بھاری مقدار میں زائدالمیعاد کاربونیٹڈ مشروبات، غیر معیاری مصالحہ جات، ناقص بیکری مصنوعات، سلانٹی اور پاپڑ موقع پر تلف کیےگئے۔ کارروائی کے دوران متعدد فوڈ پوائنٹس میں صفائی کی ابتر صورتحال، گندگی، مکھیاں، اور گندے فریزرز میں گوشت و ڈیری مصنوعات کو ایک ساتھ غیر محفوظ طریقے سےپایا گیا۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق کئی کاروباری مراکز میں ملازمین کے میڈیکل اور تربیتی اسناد سمیت اہم ریکارڈ کی عدم موجودگی بھی نوٹ کی گئی، جو فوڈ سیفٹی قوانین کی واضح خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ناقص خوراک کے استعمال سے فوڈ پوائزننگ سمیت مختلف خطرناک بیماریاں لاحق ہو سکتی ہیں، لہٰذا شہریوں کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔فوڈ اتھارٹی نے فوڈ بزنس آپریٹرز کو مشورہ دیا کہ وہ خوراک سے متعلق تمام ہدایات اور رہنمائی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ویب سائٹ سے حاصل کریں اور قوانین پر سختی سے عملدرآمد کریں۔ ترجمان نے کہا کہ عوام کسی بھی شکایت کی صورت میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر فوری اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :