لیسکو کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں، جعلی ٹرانسفارمرز، بوگس میٹرز وغیر قانونی کنکشنز بے نقاب، دو ملزم گرفتار

ہفتہ 13 ستمبر 2025 16:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2025ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کی ٹیموں کی ایسٹرن سرکل میں بجلی چوری کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں، مختلف علاقوں سے جعلی ٹرانسفارمرز، بوگس میٹرز اور غیر قانونی کنکشنز بے نقاب کرکے دو ملزم گرفتار کرلیے ۔ ترجمان کے مطابق لیسکو کی انفورسمنٹ ٹیموں نے ڈریم گارڈن، الغنی گارڈن، تیزی گڑھ روڈ اور واڑہ مولہ وسان میں بھی غیر قانونی براہ راست بجلی کی سپلائیز کو منقطع کیا جو بغیر میٹر کے مین لائن سے منسلک اور بجلی کے نظام پر غیر ضروری دبائو ڈال رہی تھیں۔

انجینئر محمد رمضان بٹ کے احکامات کی روشنی میں ریجن بھرمیں بجلی چوروں کے خلاف جاری آپریشن میں ایس ای ایسٹرن سرکل عمر بلال کی ہدایت پر ایکسیئن شالامار ڈویژن نے ایس ڈی او اور اپنی ٹیم کے ہمراہ بڑی کارروائی کرتے ہوئے شالامار ڈویژن کے ڈریم ہومز سے 100 کے وی اے کا جعلی ٹرانسفارمر برآمد کیاجبکہ الغنی گارڈن فیز 7 سے 50 کے وی اے کا جعلی ٹرانسفارمر ہٹایا گیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح وارہ مولہ وسن کے فارم ہائوس سے ڈائریکٹ سپلائی پر لگا 25 کے وی اے ٹرانسفارمر ہٹایا اور 100 کے وی اے کا بوگس ٹرانسفارمر قبضے میں لیا گیا۔ اعوان ٹائون پٹھان سکیم میں کارروائی کے دوران 8 بوگس میٹرز ہٹائے اور 2 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ علاوہ ازیں تیج گڑھ سے 4 غیر قانونی ایل ٹی اسپینز ختم کیے گئے۔ترجمان کے مطابق ان کارروائیوں کے نتیجے میں تقریبا 36 لاکھ روپے کے نقصان کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

چیف ایگزیکٹو کا کہناہے کہ بجلی چوری ایک سنگین جرم اور اس کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بجلی چوروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔لیسکو نے صارفین سے اپیل ہے کہ وہ بجلی چوری کی اطلاع دیں تاکہ بجلی چوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لا کر بجلی کا نظام بہتر اور مستحکم بنایا جا سکے۔انہوں نے کہاکہ لیسکو کا عزم ہے کہ وہ صارفین کو معیاری اور بلاتعطل بجلی فراہم کرے گا۔

متعلقہ عنوان :