کرپشن اور بے روزگاری کے بڑھتے ہوئے رجحان کے ساتھ ماحولیاتی آلودگی سنگین مسئلہ بنتی جا رہی ہے

ہفتہ 13 ستمبر 2025 23:16

رحیم یارخان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 ستمبر2025ء) پاکستان میں کرپشن اور بے روزگاری کے بڑھتے ہوئے رجحان کے ساتھ ماحولیاتی آلودگی سنگین مسئلہ بنتی جا رہی ہے۔ اس کی وجہ سے شہری انواع و اقسام کی بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار عوامی، سماجی شخصیات چودھری انوار احمد نجمی، چودھری محمد یٰسین، چودھری خلیل احمد، میاں سلطان احمد، چودھری زاہد ارشاد، چودھری وسیم شہزاد، چودھری محمد الطاف اور چودھری محمد آصف خادم نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہونے کے باوجود تقریباً45 فیصد شہری انتہائی غربت کا شکار ہیں جو ایک تشویشناک امر ہے، پاکستان میں بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی کی بڑی وجہ بھی دیہی آبادی کا غربت کے باعث شہروں کی طرف رخ کرنا ہے جہاں جنگلات کاٹ کر ہاؤسنگ سکیمیں بنائی جا رہی ہیں حالانکہ درخت آکسیجن فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ماحول کو خوشگوار اور انسان دوست بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ بے ہنگم ٹریفک کے باعث پیدا ہونے والی فضائی آلودگی کم کرنے کے لیے شجر کاری بے حد ضروری ہے، اس لیے ہر شہری کو انفرادی طور پر ماحول کو خوشگوار بنانے کے لیے شجر کاری کے فروغ میں کردار ادا کرنا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ شہریوں کو کرپشن فری ماحول اور غربت کے خاتمے کے لیے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرے تاکہ عوام خوشحال زندگی بسر کر سکیں۔