ایف آئی اے اسلام آباد زون کی بڑی کارروائی‘ انسانی اسمگلنگ میں ملوث 4 خطرناک ملزمان گرفتار

ہفتہ 13 ستمبر 2025 23:02

اسلام آباد/راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 ستمبر2025ء) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی ای) اسلام آباد زون نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران بین الاقوامی سطح پر سرگرم ایک اہم گروہ کو بے نقاب کرتے ہوئے چار انسانی ٹریفکرز کو گرفتار کر لیا۔ یہ گروہ کمبوڈیا میں پاکستانی شہریوں کو ملازمت کا جھانسہ دے کر اغواء ، تشدد اور جبری مشقت پر مجبور کرتا تھا۔

ایف آئی اے کے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل راولپنڈی کی اس بڑی کارروائی میں علی حیدر، سمین حیات، عمر فاروق اور مزمل خان کو راولپنڈی، تلہ گنگ اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق، گرفتار ملزمان شہریوں کو کمبوڈیا میں آئی ٹی یا کمپیوٹر سے متعلق شعبوں میں ملازمت کا جھانسہ دے کر فی کس 8 سے 10 لاکھ روپے بٹورتے تھے۔

(جاری ہے)

ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ متاثرین سے رقوم بینک اکاؤنٹس اور نقد کی صورت میں وصول کی گئیں۔ کمبوڈیا پہنچنے پر متاثرین کو یرغمال بنایا جاتا اور ان سے 20 سے 21 گھنٹے تک جعلی کال سینٹرز میں فراڈ کالز کروائی جاتیں۔ اس دوران متاثرین کو شدید جسمانی اور ذہنی تشدد کا نشانہ بھی بنایا جاتا تھا۔ایف آئی اے کے مطابق، یہ گروہ متاثرین کے اہل خانہ سے انہیں وطن واپس بھجوانے کے لیے مزید بھاری رقوم کا مطالبہ بھی کرتا تھا۔

گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے جبکہ ان کے دیگر بین الاقوامی اور مقامی ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مزید چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ جیسے سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کو اس گھناؤنے کاروبار سے محفوظ رکھا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :