رحیم یارخان : باپ نے 9 سالہ بیٹی کو چھری کے وارسے قتل کردیا

ہفتہ 13 ستمبر 2025 21:41

رحیم یارخان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 ستمبر2025ء) گھریلو ناچاقی کے نتیجے میں ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا، جہاں باپ نے اپنی 9 سالہ بیٹی کو چھری کے وار کر کے قتل کر دیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے تاہم 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود قاتل باپ گرفتار نہیں ہو سکا۔تفصیلات کے مطابق چک 99 ون ایل کے رہائشی اصغر علی نے کچھ عرصہ قبل گھریلو جھگڑوں کے باعث اپنی بیوی شکیلہ بی بی کو طلاق دے دی تھی۔

طلاق کے بعد ان کی 9 سالہ بیٹی دعا زہرہ ماں کے ساتھ رہائش پذیر تھی۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز ملاقات کے دوران اصغر علی نے رنجش کی بنا پر ننھی دعا پر چھری کے پے در پے وار کیے جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی، جبکہ ملزم آلہ قتل سمیت فرار ہو گیا۔پولیس نے مقتولہ کی والدہ شکیلہ بی بی کی مدعیت میں اصغر علی کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے۔ تاہم 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود ملزم کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔9 سالہ دعا زہرہ کو غم و اندوہ کے ماحول میں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔ واقعے نے علاقے میں شدید خوف و غم کی فضا پیدا کر دی ہے۔