چاغی سے 10 ہزار 700 افغان مہاجرین پاک افغان سرحدی علاقہ برابچہ کے راستے ڈی پورٹ

ہفتہ 13 ستمبر 2025 20:54

چاغی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 ستمبر2025ء) پاک افغان سرحدی ضلع چاغی میں افغان مہاجرین کی واپسی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ ضلع کے مختلف علاقوں بشمول افغان مہاجر کیمپ گردی جنگل اور پوستی سے مقیم افغان باشندوں کو ضلع انتظامیہ باعزت طریقے سے واپس بھیج رہی ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نظام رحیم بلوچ کے مطابق اب تک ضلع چاغی سے 10 ہزار 700 افغان مہاجرین کو پاک افغان سرحدی علاقہ برابچہ کے راستے ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی کے ساتھ بھی زبردستی نہیں کی جارہی، بلکہ جن علاقوں میں افغان مہاجرین موجود ہیں، وہاں انہیں باقاعدہ دو سے تین دن کا وقت دیا جاتا ہے تاکہ وہ اپنی تیاری مکمل کر سکیں اور پھر باعزت طریقے سے روانہ ہوں۔یاد رہے کہ ضلع چاغی ایک سرحدی ضلع ہے جس کے ہیڈ کوارٹر دالبندین سے تقریبا 30 کلومیٹر کے فاصلے پر "گردی جنگل" کے نام سے ایک افغان بستی گزشتہ چالیس سال سے زائد عرصے سے قائم تھی۔

(جاری ہے)

آج وہ بستی ویران دکھائی دیتی ہے جبکہ گردی جنگل شہر میں کاروبار کرنے والے افغان مہاجرین بھی سخت تشویش میں مبتلا ہیں، کیونکہ ان کا کروڑوں روپے کا سامان وہیں موجود ہے۔ تاہم انتظامیہ ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ انہیں وقت دے کر باعزت طریقے سے روانہ کیا جائے۔مزید یہ کہ ضلع کے اندر غیر قانونی افغان مہاجرین کے خلاف سخت کارروائی بھی کی جا رہی ہے۔ وہ افغان باشندے جو شہر کی مختلف دکانوں، نان بائیوں اور ہوٹلوں میں کام کرتے نظر آتے تھے، ان کے خلاف بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :