ریٹائرڈ ججز کی سیکیورٹی سے متعلق سپریم کورٹ کی وضاحت

چیف جسٹس کے پروٹوکول کی گاڑیوں کو 8 سے کم کر کے 2 کردیا گیا ہے، ترجمان

ہفتہ 13 ستمبر 2025 20:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2025ء)ریٹائرڈ ججز کی سکیورٹی سے متعلق مراسلے پر سپریم کورٹ کی وضاحت،ترجمان سپریم کورٹ نے اعلامیہ جاری کر دیا۔اعلامیہ کے مطابق عوامی وسائل کے دانش مندانہ استعمال کے عزم سے چیف جسٹس کی سیکیورٹی کو معقول بنایا ہے۔اعلامئے کے مطابق چیف جسٹس پاکستان سمیت ججز کی سیکیورٹی کو ریگولیٹ کیا گیا ہے، پروٹوکول میں سرکاری گاڑیوں کی تعداد آٹھ سے کم کر کے دو کر دی ہے دیگر ججوں کیلئے حفاظتی نظام کو بھی مناسب طریقے سے منظم کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اعلامئے میں کہا گیا ہے کہ ریٹائرڈ ججوں کی سکیورٹی کو بھی مروجہ قوانین، سیکیورٹی پروٹوکولز اور استحقاق کے مطابق ریگولیٹ کیا گیا ہے۔ صدارتی حکم ریٹائرڈ ججوں کو تاحیات سیکیورٹی فراہم کرتا ہے،ریٹائرڈ ججز ماضی میں حساس ڈیوٹی کر چکے ہوتے ہیں،مسلسل سیکیورٹی خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے سرکلر جاری کیا گیا تھا۔سیکورٹی پروٹوکولز کو عملی شکل دینے کیلئے سرکلر جاری کیا گیا تھا،یہ سکیورٹی بغیر کسی غیر معمولی فائدہ، اضافی رعایت یا مراعات میں شامل نہیں،سرکلر اس لئے جاری کیا گیا کہ ضرورت سے زیادہ فورس کی تعیناتی نہ ہو،مقصد سپریم کورٹ، وزارت داخلہ اور صوبائی حکام کے درمیان ہم آہنگی یقینی بنانا تھا۔