:وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا لوئر دیر میں بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

شہداء کی قربانیاں قوم کا سرمایہ افتخار قرار ، سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں کبھی بھی رائیگاں نہیں جائیں گی،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی

ہفتہ 13 ستمبر 2025 21:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 ستمبر2025ء) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لوئر دیر کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بھارتی سپانسرڈ 10 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے کی کارروائی کو سراہا اور اس آپریشن میں شہید ہونے والے 7 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کی عظمت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ "شہدائ ہمارے قومی ہیرو ہیں اور انہوں نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر ملک کو محفوظ بنانے میں اپنا خون دیا ہے۔ یہ قربانیاں کبھی بھی ضائع نہیں ہوں گی، اور قوم اپنے بہادر سپوتوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے نہ صرف ملک کی سرحدوں کی حفاظت کی بلکہ ان دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچا کر قوم کی عزت و وقار کو محفوظ کیا۔

(جاری ہے)

ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور انہیں پاکستانی عوام کا بھرپور احترام حاصل ہے۔محسن نقوی نے شہدائ کے اہلِ خانہ کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "ہماری تمام تر ہمدردیاں شہدائ کے خاندانوں کے ساتھ ہیں اور ان کی قربانیوں کے صلے میں ہم ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔وزیرداخلہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردوں کے خلاف پاکستان کی جنگ جاری رہے گی اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ملک کے دفاع کی ضمانت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "ہم سب کا عزم یہ ہے کہ ہم دہشت گردی کے خلاف اپنی لڑائی جاری رکھیں گے اور پاکستان کو ہر قسم کی دہشت گردی سے پاک کریں گے۔