سعودی عرب، ایک ہفتے میں 21 ہزار غیر قانونی تارکین وطن گرفتار

مملکت میں غیرقانونی طریقے سے داخل ہونے والے 1314افراد کو حراست میں لیا گیا،بیان

اتوار 14 ستمبر 2025 14:20

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2025ء)سعودی عرب میں رہائش، کام اور سرحدی سکیورٹی کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو پکڑنے کے لیے مشترکہ فیلڈ مہمات کے دوران پورے ملک میں 21 ہزار غیر قانونی تارکین وطن کو گرفتار کیا گیا۔وزارت داخلہ نے بتایا کہ ان میں سے تقریبا 12,955 رہائشی قوانین، 4,198 سرحدی سکیورٹی قوانین اور 4,186 کام کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے تھے۔

سعودی عرب میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے 1,314 افراد کو حراست میں لیا گیا جن میں سے 43 فیصد یمنی اور 56 فیصد ایتھوپیائی شہری تھے۔ دیگر قومیتوں کا تناسب صرف ایک فیصد تھا۔ وزارت داخلہ نے بتایا کہ غیر قانونی طریقے سے ملک سے باہر جانے کی کوشش کرنے والے 25 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ 23 ایسے افراد کو بھی پکڑا گیا ہے جو رہائش، کام اور سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو پناہ دینے، منتقل کرنے اور ملازمت دینے میں ملوث تھے۔

(جاری ہے)

وزارت داخلہ نے خبردار کیا کہ جو کوئی بھی سرحدی سکیورٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو مملکت میں داخل ہونے میں سہولت فراہم کرے گا، انہیں ملک کے اندر منتقل کرے گا یا انہیں پناہ یا کوئی اور مدد فراہم کرے گا اسے 15 سال تک قید، دس لاکھ ریال تک کا جرمانہ اور ٹرانسپورٹ کے ذرائع اور پناہ گاہ کو ضبط کرنے کی سزا دی جا سکتی ہے۔