Live Updates

کبڈی پنجاب کی ثقافت کا اہم حصہ ہے،حکومت روایتی کھیلوں کے فروغ کیلئے اقدامات کر ہی ہیں‘ فیصل کھوکھر

صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر کی الہ آباد میں کبڈی میچ میں شرکت، کھلاڑیوں میں انعقامات تقسیم کئے

اتوار 14 ستمبر 2025 17:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2025ء)صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے الہ آباد میں روایتی میلہ بابا نیک مرد کے حوالے سے منعقدہ کبڈی میچ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر انکے ہمراہ مقامی ایم پی اے احسن رضا خان موجود تھے جبکہ میاں برادران،میاں محمد اشرف، میاں محمد یاسین،میاں فیاض اشرف اور دیگر مقامی لوگوں نے صوبائی وزیر کا والہانہ استقبال کیا۔

اس موقع پر عوام کا جذبہ قابل دید تھا اور تماشائیوں میں جوش و خروش دیدنی تھا۔ کبڈی میچ میں پاکستان کے تمام ٹاپ پلیئرز شریک ہوئے جن میں شفیق چشتی، نعیم سندھو عرف مچھاں والا، تنویر گجر، الیاس گجر، عرفان میئو اور نثار پٹی شامل تھے۔ جیتنے والی ٹیم کو دو لاکھ روپیکے نقد انعام اور ٹرافی سے سے نوازا گیا۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ کبڈی پنجاب کی ثقافت کا اہم حصہ ہے اور حکومت پنجاب وزیر اعلیٰ مریم نواز کے وژن کے مطابق روایتی کھیلوں کے فروغ کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبے بھر میں نوجوانوں کو صحت مند تفریحی سرگرمیوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ صوبائی وزیر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سیلاب متاثرین کی دل کھول کر مدد کریں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو مشکلات سے نکالا جا سکے۔ تقریب میں شریک شخصیات نے حکومت پنجاب کی کھیلوں کے فروغ کے لیے جاری کاوشوں کو سراہا اور کبڈی جیسے قومی و دیہی کھیل کی سرپرستی پر صوبائی وزیر کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر مقامی سیاسی و سماجی شخصیات، کھیلوں سے وابستہ نامور ہستیاں اور شائقین کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات