عافیہ کے ساتھ بد سلوکی انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں ہے،ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا دورہ برطانیہ، چار مختلف شہروں میں تقاریب کا انعقاد ہوگا

اتوار 14 ستمبر 2025 17:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2025ء)قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی کے لیے عالمی سطح پر جدوجہد جاری ہے۔ اس سلسلے میں ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اورعافیہ موومنٹ کی چیئرپرسن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا برطانیہ کا دورہ جاری ہے۔ یہ ان کا برطانیہ کا پہلا دورہ ہے۔ ان کی برطانیہ آمد کے موقع پر انسانی حقوق کے رہنما ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے برطانیہ کے مختلف شہروں میں تقاریب کا انعقاد کر رہے ہیں۔

پہلے مرحلہ میں ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے برطانیہ کے شہر مانچسٹر اور لیسٹر میں منعقدہ تقاریب میں شرکت کی جبکہ دوسرے مرحلہ میں لندن اور بیڈفورڈ شائر لوٹن میں اجتماعات منعقد ہوں گے ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ پاکستان سے فرخ شاہ خان اور فاروق شاہ خان جبکہ برطانیہ سے انسانی حقوق اور ڈاکٹرعافیہ کے وکیل کلائیو اسٹفورڈ اسمتھ، کیج انٹرنیشنل کے رہنما معظم بیگ، شیخ سلیمان غنی، سسٹر زینا، چیلسیا مسجد کے امام عابدو دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا شرکاء نے والہانہ استقبال کیا اور ڈاکٹر عافیہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ مقررین نے ڈاکٹر عافیہ کے ساتھ ریاستوں کی سطح پر ہونے والی ناانصافیوں کے علاوہ بہیمانہ تشدد، کمسن بچوں سے جبری جدائی کے ساتھ ساتھ ایف ایم سی کارسویل جیل میں جو کہ قیدیوں کے ساتھ بدسلوکی کے حوالے سے بدنام ہے ، آج بھی روا رکھے جانے والی بدسلوکیوں، جیل کے عملے کی طرف سے حملوں، کئی سالوں پر محیط قیدتنہائی،شدیدذہنی، جسمانی اور جنسی تشدد سے شرکاء کو آگاہ کیا۔

شرکاء کو بتایا گیا کہ ایف ایم سی کارسویل جیل میں ڈاکٹر عافیہ کو مذہبی آزادی، طبی نگہداشت، فیملی سے رابطہ کے حقوق سے محروم رکھا گیا ہے۔ ڈاکٹر عافیہ سے روا رکھے گئے سلوک کو صرف ناانصافی کہنا کافی نہیں بلکہ یہ انسانی حقوق کی بدترین پامالی ہے۔ سابق امریکی اٹارنی جنرل رمزے کلارک کا ڈاکٹر عافیہ کی قید ناحق کے بارے میںکہنا ہے کہ ’’ میں نے انفرادی ناانصافی کی اس سے زیادہ بدترین صورتحال کبھی نہیں دیکھی ہے‘‘۔ ڈاکٹر عافیہ پر مظالم کا احوال سن کر خواتین زاروقطار رونے لگیں۔